ویب ڈیسک: پیرس اولمپکس میں 40 سال بعد پاکستان کو سونے کا تمغہ جتوانے والے قومی ہیرو ارشد ندیم کا قافلہ 12 گھنٹے بعد میاں چنوں پہنچ گیا، جہاں ان کا والہانہ استقبال کیا گیا اور پھول نچھاور کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ہیرو ارشد ندیم قافلے کی صورت میں آبائی علاقے پہنچے تو گھنٹوں سے ان کی آمد کے منتظر ہزاروں شہریوں کے چہرے خوشی سے دمک اٹھے۔
میاں چنوں بائی پاس پر ارشد ندیم کے دوستوں اور اہلخانہ نے ان کا استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، عوام کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔
آبائی علاقے پہنچنے پر قومی ہیرو کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے جبکہ ڈھول کی تھاپ پر رقص اور آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا اور مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں، شہر کے داخلی راستوں پر ویلکم ارشد ندیم کے پوسٹر بھی آویزاں کیے گئے تھے۔
میاں چنوں پہنچنے پر مداحوں کی جانب سے ارشد ندیم زندہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے۔
اس سے پہلے ارشد ندیم کا قافلہ ساہیوال پہنچا تھا، جہاں ساہیوال بائی پاس پہنچنے پر شہریوں نے ان پر پھول نچھاور کیے تھے۔
آج علی الصبح ارشد ندیم لاہور ایئر پورٹ سے تبلیغی مرکز رائیونڈ آئے تھے جہاں ان کے قافلے نے ایک گھنٹہ قیام کیا تھا، جس کے بعد وہ تبلیغی مرکز رائیونڈ میں نمازِ فجر ادا کرنے کے بعد میاں چنوں روانہ ہوئے تھے۔
میاں چنوں میں ارشد ندیم کو ان کے استاد کے ڈیرے پر استقبالیہ دیا جائے گا جس کے بعد وہ اپنے آبائی گاؤں چک 101 جائیں گے۔