(ویب ڈیسک ) ایران نے بحری بیڑے میں ہزاروں جدید کروز میزائل نصب کردیے گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اپنی بحری قوت میں اچانک مزید اضافہ کردیا ہے۔ ایرانی بحریہ کو ڈھائی ہزار سے زائد میزائل سسٹم اور ڈرونز سے لیس کیا ہے۔
اس حوالے سے ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ میزائل زیادہ دھماکا خیز مواد لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور ان کا پتا بھی نہیں لگایا جاسکتا۔ یہ میزائل دشمن کو انتہائی قریب اور دور دونوں فاصلوں سے نشانہ بناسکتے ہیں۔
اس کے علاوہ لانگ اور شارٹ میزائل، جاسوسی ڈرون اور راڈار بھی بحری بیڑے میں شامل کیے گئے ہیں۔
ایرانی بحریہ کے بیان کے مطابق یہ میزائل سسٹم جدید ترین اینٹی سرفیس اور سب سرفیس ہتھیاروں پر مشتمل ہیں۔
معروف ویب سائٹ مڈل ایسٹ مانیٹر نے ایک رپورٹ میں ایران کی تسنیم نیوز ایجنسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایرانی بحریہ میں جن ہتھیاروں کا اضافہ کیا گیا ہے وہ تباہ کن جنگی جہازوں کو بھی تباہ کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ تہران میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے بلدلہ لینے کا اعلان کر رکھا ہے۔