اے این پی رہنما الیاس بلور کا بیٹا پی ٹی آئی میں شامل

05:57 AM, 11 Dec, 2021

Rana Shahzad
پشاور: (ویب ڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی ( اے این پی) کے سینئر رہنما الیاس بلور کے بیٹے غضنفر بلور نے حکمران جماعت تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق غضنفر بلور نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان کیساتھ ایک اہم ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے غضنفر بلور کا کہنا تھا کہ مجھے وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے اور اسی کے اظہار کیلئے میں نے ان کی جماعت تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔ خیال رہے کہ غضنفر بلور خیبر پختونخوا کے بڑے سیاسی خانوادے کے رکن ہیں۔ ان کے قریبی عزیز واقارب اور رشتہ دار اے این پی کے بڑۓ رہنما ہیں۔ وہ سابق وزیر ریلوے غلام بلور اور بشیر بلور کے بھتیجے ہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی ( اے این پی) کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بلور خاندان ہمیشہ ہمارے ساتھ رہا، تاہم جہاں تک غضنفر بلور کی بات کی جائے تو ان کی حیثیت غیر سیاسی ہے۔ اے این پی ترجمان نے کہا کہ ہماری نیک خواہشات اور دعائیں غضنفر بلور کیساتھ ہیں اگر انھیں تحریک انصاف کی جانب سے کوئی عہدہ مل رہا ہے۔
مزیدخبریں