مریم اورنگزیب نے عمران خان کو سیاسی دہشت گرد قرار دےدیا
01:33 PM, 11 Dec, 2022
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سابق وزیر اعظم اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو سیاسی دہشت گرد قرار دے دیا۔ مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ٹولہ 4 سال ملک پر مسلط رہا، فرح گوگی اور پنکی عمران خان کے سارے احکامات مانتی تھیں کہ 3 کیرٹ کا ہیرا نہیں 5 کیرٹ کا ہیرا لینا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں مہنگائی2.3 فیصد تھی، لوگوں کے پاس روزگار تھا، ملک میں 14 ہزار میگا واٹ بجلی بن رہی تھی۔ ملک میں لنگرخانے نہیں چل رہے تھے، نواز شریف ملک کو ترقی کی راہ پر ڈال رہا تھا اورعمران خان دھرنے دے رہا تھا۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان نے شہباز شریف پر منی لانڈرنگ کا الزام لگایا، عمران خان پاکستان اور برطانیہ کی عدالتوں میں ثبوت پیش نہیں کر سکا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے گھڑیاں بیچ کر پاکستان کی عزت کو نیلام کیا گیا جبکہ ڈیلی میل نے جھوٹی خبر لگانے پر شہباز شریف سے معافی مانگی۔ انہوں نے کہا کہ دن رات شہباز شریف کی ایک ہی سوچ ہے کہ مہنگائی کیسے کم ہو۔ زکوٰۃ، بی آر ٹی کے پیسے کھانے کا جواب دینا پڑے گا، جس جس نے پیسہ کھایا وہ سلاخوں کے پیچھے ہوگا۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان ملکی تنزلی کا نشان ہے، ملکی بربادی کا نشان عمران خان صرف الزام لگا سکتا ہے، توشہ خانہ چور نے جو الزام لگایا وہ غلط ثابت ہوئے، کوئی ایک منصوبہ نہ لگانے والاملک میں اربوں کی انویسٹمنٹ لانے والوں پر الزام لگاتا ہے۔