جب تیاری ہو گی دسمبر میں اسمبلیاں تحلیل کر دیں گے، عمران خان

02:12 PM, 11 Dec, 2022

احمد علی
پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اپنے اعلان کے مطابق جب تیاری ہو گی دسمبر میں اسمبلیاں تحلیل کر دیں گے، پرویز الہی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں، مجھے اسمبلیاں توڑنے کا پورا اختیار دے چکے۔ سابق وزیر اعظم اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم پر چوروں کا ٹولہ مسلط ہے، پاکستان دیوالیہ ہوگیا تو جن لوگوں کا پیسہ باہر پڑا ہوا تھا، انہیں فرق نہیں پڑے گا۔ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے گا تو کوئی بیرونی سرمایہ کاری نہیں ہوگی، ملک پر مسلط 2 خاندانوں نے معیشت تباہ کر دی۔ عمران خان نے کہا کہ اسٹیبشلمنٹ سمیت ہر طبقے سے پوچھتا ہوں کیا آپ کو فکر نہیں پاکستان کدھر جا رہا ہے؟ یہ ہمیں سلیکٹڈ کہتے تھے، اب تو کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے کہ سلیکٹڈ کون ہے؟۔ ملک معاشی تباہی کی طرف جا رہا ہے، ہمیں اس بحران سے الیکشن ہی نکال سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلیمان شہباز بھی اب ڈرائی کلین ہوگا، سب کو معلوم ہے کہ جنرل باجوہ نے انھیں این آر او ٹو دیا۔ یہ مقدمات ڈھونڈ رہے ہیں کہ مجھے نا اہل کروایا جائے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ اپنے اعلان کے مطابق جب تیاری ہو گی دسمبر میں اسمبلیاں تحلیل کر دیں گے، پرویز الہی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں، مجھے اسمبلیاں توڑنے کا پورا اختیار دے چکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ابھی تک کوئی تبدیلی نظر نہیں آئی، نیا آرمی چیف آیا ہے ان کو وقت دینا چاہیے ہم نے ان کی بڑی اچھی چیزیں سنی ہیں، جنرل عاصم کی بڑی تعریفیں سنی ہیں وہ حافظ قرآن ہیں، امید کرتا ہوں جنرل عاصم امر بالمعروف پر چلیں گے ہم ان سے امید لگا کر بیٹھے ہیں۔
مزیدخبریں