فرانس کا مقبوضہ مغربی کنارے میں آباد کاروں پر پابندی عائد کرنے پر غور
06:59 PM, 11 Dec, 2023
پیرس: فرانس مقبوضہ مغربی کنارے میں آبادکاروں پر پابندیوں پر غور کر رہا ہے۔ فرانس کی وزیر خارجہ کیتھرین کولونا کا کہنا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں غیر قانونی اسرائیلی بستیوں میں ملوث سیٹلرز پر پابندیاں عائد کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ کولونا نے کہا کہ پیرس مقبوضہ مغربی کنارے کی صورتحال کے بارے میں فکر مند ہے "خاص طور پر انتہاپسند آباد کاروں کی طرف سے تشدد کے بہت زیادہ واقعات کی وجہ سے"۔ واضح رہے کہ حالیہ ہفتوں میں، فرانس نے فلسطینیوں کو نشانہ بنانے والے غیر قانونی اسرائیلی آباد کاروں کے خلاف ممکنہ پابندیوں پر یورپی یونین کے ارکان کے درمیان بات چیت کا دروازہ کھولا، تاہم اب تک اس معاملے پر اتفاق رائے نہیں ہو سکا ہے۔ یاد رہے کہ پچھلے ہفتے، امریکہ نے مغربی کنارے میں تشدد میں ملوث افراد پر ویزے کی پابندیاں لگانا شروع کیں۔