وزیراعظم عمران خان کو نااہل قرار دینے کی درخواست خارج

06:17 AM, 11 Jan, 2022

Rana Shahzad
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایک اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کو رکن اسمبلی نااہل قرار دینے کی درخواست کو خارج کر دیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کو نااہل قرار دینے کی یہ درخواست فدا اللہ نامی ایک شہری کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی تھی۔ اس درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے سینیٹ انتخابات کے دوران بیان دیا تھا کہ سولہ اراکین اسمبلی فروخت ہوئے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید نے ان کی تصدیق کی اور کہا کہ ہم ان ممبرز کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کر سکتے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست کی سماعت کے دوران شہری فدا اللہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے حلقے کے رکن قومی اسمبلی سے کہیں وہ اس سے متعلق عدالت میں پٹیشن دائر کریں۔ بعد ازاں چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم عمران خان کو نااہل قرار دینے کیلئے دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کردی۔
مزیدخبریں