بیلجیئم میں کام کرنیوالے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں 33 اعشاریہ تین فیصد اضافہ

06:29 AM, 11 Jan, 2022

Rana Shahzad
اسلام آباد: (اے پی پی) بیلجیئم میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 33 اعشاریہ تین فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں بیلجیئم میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 124 اعشاریہ 8 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 33 اعشاریہ ایک فیصد زیادہ ہے۔ گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں بیلجیئم میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 93 اعشاریہ 6ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔ نومبر کے مہینہ میں بیلجیئم سے ترسیلات زر کا حجم 23 اعشاریہ 2 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ نومبر 2020ء میں بیلجیئم سے19 اعشاریہ 8 ملین ڈالر کی ترسیلات زر ریکارڈ کی گئی تھیں۔ حکومت کی جانب سے قانونی اور بینکنگ ذرائع سے ترسیلات زر کی حوصلہ افزائی کیلئے اقدامات اور ترغیبات کے نتیجہ میں سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ جاری مالی سال کے دوران سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں مجموعی طور پر 9 اعشاریہ سات فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔
مزیدخبریں