پاکستان تمام یورپی ممالک کیساتھ بامقصد شراکت داری کا خواہاں ہے: وزیرخارجہ

09:56 AM, 11 Jan, 2022

Rana Shahzad
میڈرڈ: (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان سپین سمیت تمام یورپی یونین رکن ممالک کے ساتھ بامقصد شراکت داری کا خواہاں ہے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو میڈرڈ میں تھنک ٹینکس کے اعزاز میں ضیافت سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ضیافت کا اہتمام پاکستان ہائوس میڈرڈ، سپین میں کیا گیا۔ سپین میں پاکستان کے سفیر شجاعت راٹھور بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ تھے۔ تھنک ٹینک، جرنلسٹس و ماہر دفاعی و عالمی امور سمیت، مختلف شعبہ جات زندگی کی نامور شخصیات نے ضیافت میں شرکت کی۔ وزیر خارجہ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان سپین کو دوطرفہ اور یورپی یونین کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل سمجھتا ہے۔ ہماری حکومت، جغرافیائی اقتصادی ترجیحات پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم اقتصادی سفارت کاری کے ذریعے دنیا کی توجہ پاکستان کی 200 ملین آبادی پر مشتمل ابھرتی ہوئی مارکیٹ، سرمایہ کاری اور تجارت کے میسر وسیع مواقع کی جانب دلا رہے ہیں۔ پاکستان سپین سمیت تمام یورپی یونین رکن ممالک کے ساتھ بامقصد شراکت داری کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سپین کے مابین اقتصادی وتجارتی تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ افغانستان میں قیام امن سے علاقائی روابط کو فروغ ملے گا جو ہمارے اقتصادی اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان سمیت خطے میں قیام امن کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی منظر نامے میں رائے عامہ ہموار کرنے اور درپیش چیلنجز سے آگاہی دلانے میں تھنک ٹینکس کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔
مزیدخبریں