نوجوان کورونا کا مقابلہ کرکے بہتر دنیا کی تشکیل میں کردار ادا کریں: انتونیو گوترش

10:03 AM, 11 Jan, 2022

Rana Shahzad
نیویارک: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوترش نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ کورونا وائرس کا مقابلہ کرتے ہوئے بہتر دنیا کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے شرم الشیخ میں ورلڈ یوتھ فورم کو ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ کورونا وائرس نے سب سے زیادہ نوجوانوں کو متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباکے باعث 1.6 بلین سے زیادہ نوجوانوں کا تعلیم کا نظام متاثر ہوا اور بے روزگاری بڑھی ہے۔ اس مشکل دور کے دوران نوجوانوں نے صحت کی دیکھ بھال کی خدمات تک رسائی میں کمی دیکھی ہے۔ انتونیو گوترش نے کہا ان حالات میں متاثر نوجوان سڑکوں پر اور آن لائن مساوات، امن، انصاف اور موسمیاتی بحران سے نمٹنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ تمام نوجوان سوشل میڈیا کے ذریعے ایک دوسرے کا ساتھ دے رہے ہیں اور ہونے والے واقعات کے بارے میں تبادلہ خیال کرتے ہوئے حل فراہم کر رہے ہیں کہ کس طرح کمیونٹیز کی تعمیر نو ہو سکتی ہے اور وہ کورونا وائرس کا مقابلہ کرتے ہوئے کس طرح نوجوان کمیونٹی ابھر کر سامنے آ سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فورم دی ورلڈ آفٹر کووڈ 19 جو کورونا تھیم کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے کا مقصد نوجوانوں کو یہ یاد دہانی کروانا ہے کہ اب کچھ کھونے کا وقت نہیں ہے۔ اقوام متحدہ کے سربراہ نےنوجوانوں کو اپنی کوشش جاری رکھنے کی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ تمام نوجوان کووڈ- 19 سے مقابلہ کرتے ہوئے بہتر دنیا کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ جب آپ بحالی کی طرف دیکھتے ہیں تو نوجوانوں کو دیکھیں کیونکہ نوجوان خیالات اور اختراعی حل کا ایک ناقابل یقین ذریعہ ہیں اور نوجوانوں کی ضروریات کو پالیسی اور سرمایہ کاری کے مباحثوں میں پہلے آنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ وہ نوجوان فورم کے نتائج سننے اور وبائی امراض سے بالاتر ہوکر ایک بہتر مستقبل کی تشکیل کے لیے شرکاء کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔
مزیدخبریں