” نارووال سپورٹس سٹی میرا گناہ نہیں، اعزاز ہے“

10:38 AM, 11 Jul, 2021

اویس
نارووال( پبلک نیوز) مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے میں لکھا ہے کہ سپورٹس سٹی منصوبہ مفاد عامہ کا تھا، سپورٹس سٹی جیسے شاندار منصوبے پر مجھے اڈیالہ جیل موت کی چکی میں قید رکھا گیا۔ مسلم لیگ(ن) کے رہنما احسن اقبال نے سپورٹس سٹی نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی بنیاد پر میرے خلاف جھوٹا اور بھونڈا ریفرنس بنایا گیا، اس حکومت نے اس قومی نوعیت کے منصوبے کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا،یہ کہا گیا کہ اس منصوبے پر 6ارب ضائع کیے گئے،حالانکہ یہ منصوبہ 2.9ارب کا تھا،حکومت کی طرف سے بھونڈے الزامات لگا کر اس منصوبے کو سکینڈلائزکیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے بہترین منصوبے کوتین سال میں بھوت بنگلہ بنا دیا ہے، کیا اس جدید منصوبے کو بنانا جرم تھا یا اسے برباد کرنا جرم ہے؟الزام صرف یہ ہے کہ منصوبہ نارووال میں کیوں بنا،کیا نارووال بھارت میں ہے؟انتقامی کارروائیوں کے لیے یہ نیب اس حکومت کا آلہ کار بنا ہوا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ یہ سپورٹس سٹی میرا گناہ نہیں میرا اعزاز ہے، میرا بس چلے تو پورے پاکستان میں درجنوں ایسے منصوبے بناؤں،اب سپورٹس سٹی پر جو اضافی پیسے خرچ ہونگے اس کی ریکوری عمران نیازی صاحب سے کی جائے گی،اس شاندار منصوبے کو برباد کرنے پر عمران نیازی کے خلاف مقدمہ چلے گا۔
مزیدخبریں