سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی ، کویت کا سویڈش زبان میں 1 لاکھ قرآن پاک شائع کرنے کا اعلان
04:42 PM, 11 Jul, 2023
اسلام آباد: سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کے بعد کویت نے سویڈش زبان میں ایک لاکھ قرآن پاک کے نسخے شائع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ کویت میں کونسل آف منسٹر کی ہفتہ وار میٹنگ کے دوران سویڈش زبان میں ایک لاکھ قرآن پاک کے نسخے چھاپنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کویتی وزیر اعظم شیخ احمد نواف الاحمد کی سربراہی میں فیصلہ کیا گیا کہ عقیدہ اسلام کی رواداری کے فروغ کیلئے کویت سویڈش زبان میں مقدس قرآن پاک کے ایک لاکھ نسخوں کی اشاعت کرے گا جسے سویڈن میں تقسیم کیے جائیں گے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کویت کے وزیراعظم کی ہدایات پر پبلک اتھارٹی آف کیئر کو حضورپاک ﷺ کی تعلیمات اور ان سے منسلک معلومات کو مدنظر رکھتے ہوئے سویڈش زبان میں ایک لاکھ قرآن پاک کی اشاعت کا کام سونپا گیا ہے۔ کویت کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سویڈش زبان میں چھاپے گئے قرآن پاک کے نسخوں کوسویڈن میں اسلامی اصولوں، اقدار ، امن ومحبت ساتھ کے فروغ کے ساتھ ساتھ نفرت ، انتہا پسندی اور مذہبی عدم برداشت جیسے جذبات کو مسترد کرنے کیلئے تقسیم کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ سویڈن میں مسجد کے باہر عید الاضحیٰ کے روز قرآن پاک کو نذرآتش کرنے اور بے حرمتی کا واقعہ پیش آیا تھا۔جس کے بعد دنیا بھر میں مسلمان سراپا احتجاج ہیں ۔پاکستان میں بھی احتجاج کے طور پر حکومت کی طرف سے اس سلسلے میں یوم تقدیس قرآن بھی منایا گیا۔