ویب ڈیسک: شہرقائد میں مون سون کا اگلا اسپیل 20 جولائی کے بعد بارشوں کا سبب بنے گا۔ تاہم اس وقت کراچی کا مطلع جزوی ابر آلود، موسم گرم اور مرطوب ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج بھی بونداباندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔ موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ آج کم سے کم درجہ حرارت 30 اشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ہوا میں نمی کا تناسب 76 فیصد ہے۔
محکمہ موسمیات کے بیان میں کہا گیا ہے کہ شمال جنوب سے چلنے والی ہوائیں 16 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا بیان:
ترجمان پی ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں کی صورتحال پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔ صوبے بھر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔ مون سون بارشوں کا یہ سپیل 15 جولائی تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ لاہور، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور راولپنڈی میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔ پنجاب کے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے۔ دریائے سندھ، چناب، راوی، جہلم اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل لیول پر ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ بڑے شہروں کی انتظامیہ پیشگی انتظامات مکمل کر ے۔ شہری دریاؤں ندی نالوں کی غیر ضروری کراسنگ سے گریز کریں۔ بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے فاصلہ رکھیں۔ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم 24 گھنٹے صورتحال کو مانیٹر کر رہا ہے۔ ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129پر رابطہ کریں۔
بنوں میں طوفانی بارش نے تباہی مچادی:
بنوں میں تیز ہواؤں طوفانی بارش اور ژالہ باری نے تباہی مچادی۔ مختلف علاقوں میں درجنوں حادثات رونما ہوئے اور کئی مکانوں کی چھت گر گئیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق مختلف حادثات میں 1 خاتون جاں بحق جبکہ 20 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اور خلیفہ گلنواز ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔ طوفانی بارشوں کے باعث شہر کے تینوں سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور ڈاکٹروں کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔