نیدرلینڈز کو شکست؛ یورو چیمپئن شپ کا فائنل انگلینڈ اور اسپین کے درمیان ہوگا

12:12 PM, 11 Jul, 2024

ویب ڈیسک : انگلینڈ نے نیدرلینڈز کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر یورپیئن چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

ایونٹ کا فائنل 15 جولائی کو جرمنی کے شہر برلن میں کھیلا جائے گا جس میں انگلش ٹیم کے مدِ مقابل اسپین ہو گی۔

جمعرات کو کھیلے جانے والے سیمی فائنل میں انگلینڈ اور نیدرلینڈز کے درمیان زبردست مقابلہ ہوا لیکن میچ کے آخری لمحے میں انگلش کھلاڑی اولی ویٹکنس کا گول فیصلہ کن ثابت ہوا۔

میچ شروع ہونے کے بعد ساتویں منٹ میں نیدرلینڈز کے اٹیکنگ مڈفیلڈر زاوی سمنس نے گول کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلوائی جو زیادہ دیر تک برقرار نہ رہ سکی۔

انگلش اسٹرائیکر ہیری کین نے پہلے ہاف کے 18ویں منٹ میں بال گول پوسٹ میں پہنچا کر میچ 1-1 گول سے برابر کر دیا۔

پہلے ہاف میں انگلش ٹیم مخالف ٹیم پر حاوی دکھائی دی لیکن دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر کئی حملے کیے لیکن کسی بھی ٹیم کو کامیابی نہ مل سکی۔

اسی دوران دوسرے ہاف کے آخری منٹ میں اولی ویٹکنس نے گول کر کے نیدرلینڈز پر 1-2 کی برتری حاصل کر لی اور اضافی وقت میں بھی یہ برتری برقرار رہی۔

نیدرلینڈز کو شکست دینے کے بعد انگلش ٹیم ایک مرتبہ پھر یورو چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گئی ہے لیکن اس بار انگلینڈ کی ٹیم پہلی مرتبہ کسی غیرملکی سرزمین پر یورو چیمپئن شپ کا فائنل کھیلے گی۔

  انگلینڈ نے 2021 کے یورو چیمپئن کا فائنل اٹلی کے خلاف اپنے ہوم گراؤنڈ لندن کے ویمبلے اسٹیڈیم میں کھیلا تھا جس میں اسے پینلٹیز پر 2-3 گول سے شکست ہوئی تھی۔

انگلش ٹیم کے پاس یورو چیمپئن شپ کا فائنل جیتنے کا سنہری موقع ہے لیکن مدِ مقابل ہسپانوی ٹیم کو بھی ایونٹ کا فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔
 

مزیدخبریں