لاہور ( پبلک نیوز) اسٹیٹ آف دی آرٹ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں جدید ترین ڈیجٹل اوراور سائنسی تقاضے اپنائے جانے کا سلسلہ جاری ہے جہاں ملک کے مایہ ناز اور ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
اس تناظر میں جدید ترین ٹیکنالوجی کے ذریعہ ملک بھر میں منعقدہ کرکٹ کے تمام تر ڈیٹا کو این ایچ پی سی میں محفوظ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایک معروف سافٹ ویئر کمپنی کی معاونت سے اس ڈیٹا کو ڈیجٹل انداز سے اکٹھا کیا جائے گا۔ اس ڈیٹا میں گراس روٹ کی سطح سے لے کر فرسٹ کلاس کرکٹ تک کا ڈیٹا شامل ہوگا۔ اس ڈیٹا سے نہ صرف سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن اور کرکٹ ایسوسی ایشن کے کوچز فائدہ اٹھاسکیں گے بلکہ یہ کھلاڑیوں کے تکنیکی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لیے این ایچ پی سی کے ماہر کوچز اور سلیکٹرز کی بھی معاونت کرے گا۔
اس دوران این ایچ پی سی نے کھلاڑیوں کی صحت اور غذاء سے متعلق مناسب حکمت عملی کی تیاری کے پیش نظر دنیا کی معروف نیوٹریشنسٹ کمپنی، کلوز نیوٹریشن سے کنسلٹنسی کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔
اس کنسلٹنسی کے تحت دورہ پر موجود قومی ٹیموں اور کھلاڑیوں کو انفرادی طور پر ڈائیٹ پلان فراہم کیے جائیں گے۔اس دوران ری ہیب پروگرام کا حصہ بننے والے کھلاڑیوں کو ون ٹو ون کنسلٹنسی فراہم کی جائے گی ۔ اس کنسلٹنی کے تحت موجودہ اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچز کی مینٹورنگ بھی کی جائے گی۔
کلوز نیوٹریشن کمپنی گریم کلوز کی ملکیت ہے، جو پیشہ ور نیوٹریشنسٹ ہیں۔ وہ انگلینڈ رگبی اور آسٹن وِلا ایف سی کو بھی کنسلٹنسی فراہم کرتے ہیں۔ وہ یوروپیئن ٹور گولف اور رائیڈر کپ ٹیم کے ہیڈ آف پرفارمنس نیوٹریشن ہیں۔ وہ دنیا کے کئی نامور ایتھلیٹ کے بھی نیوٹریشنسٹ ہیں۔
وہ رگبی کے سابق کھلاڑی اور لیورپول جان موریس یونیورسٹی میں ہیومین فزیولوجی کے پروفیسر بھی ہیں۔وہ وہاں اسپورٹس نیوٹریشن میں ایم ایس سی پروگرام کے سربراہ بھی ہیں۔گریم کلوز نیوٹریشن سے متعلق 150 مقالے بھی شائع کرچکے ہیں۔
پی سی بی اپنے شعبہ میڈیکل کو تقویت بخشنے کے لیے جلد چیف میڈیکل آفیسر، فزیولوجسٹ اور ہیڈ آف فزیوتھراپسٹ کا تقرر بھی کردے گا، جس سے کھلاڑیوں کے کیرئیر کو محفوظ اور طویل بنایا جاسکے گا۔
این ایچ پی سی لاہور اور کراچی کے ہائی پرفارمنس سینٹر میں موجود فٹنس سینٹرز کو پہلے ہی اپ گریڈ کیا جاچکا ہے۔
ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس پی سی بی ندیم خان کا کہنا ہے کہ ہم یہ تمام سہولیات صرف نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر تک محدود کرنے کی بجائے اسےملک کے دیگر سینٹرز پر بھی پھیلانا چاہتے ہیں تاکہ تمام کھلاڑیوں کو بھرپور فائدہ پہنچایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ کی دنیا تیزی سے ارتقائی عمل سے گزر رہی ہے اور اس عمل میں اعداد و شمار کی اہمیت بڑھ چکی ہے ، ضروری تھا کہ ہم بھی جدت تقاضوں کو اپنائیں اور اپنےاسٹرکچر کو سائنسی تقاضوں پر استوار کریں تاکہ ہمارے کرکٹرز کو فائدہ ہو۔
ندیم خان نے مزید بتایا کہ فٹنس آج ہماری کرکٹ کا ایک لازمی جزوبن چکا ہے ، یہی وجہ ہے کہ این ایچ پی سی نےایک اعلیٰ معیار کی نیوٹریشن کمپنی، کلوز نیوٹریشن کی خدمات حاصل کی ہیں تاکہ اپنے کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جاسکیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم ڈیجیٹل اسکورنگ بھی متعارف کروانے جارہے ہیں تاکہ گراس روٹ لیول پر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کا ڈیٹا محفوظ بنایا جاسکے۔