' نبی اکرم ﷺ کی شان میں گستاخی کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے'
06:43 PM, 11 Jun, 2022
اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخی کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ تفصیلات کے مطابق صدر عارف علوی نے بھارت میں پرامن مسلم مظاہرین کے خلاف وحشیانہ طاقت کے استعمال پر بھارت کی مذمت کی ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مظاہرین کے خلاف طاقت کا وحشیانہ اور غیر متناسب استعمال غیر منصفانہ اور قابل مذمت ہے، مختلف ’ہندوتوا‘ گروہوں کی طرف سے مسلمانوں کے خلاف حیلے بہانوں سے بلا روک ٹوک اور ریاستی سرپرستی میں تشدد بھارت میں اسلامو فوبیا اور انتہا پسندی کے بڑھتے ہوئے رجحان کا عکاس ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہندوستان اپنی ہندوتوا پالیسیاں ترک کرے، اقلیتوں کو نشانہ بنانا، اُنکےمذہبی جذبات کو مجروح کرنا بند کرے، بھارت اپنی اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف تشدد اور نفرت پھیلانے کے بڑھتے ہوئے واقعات کو روکے، بھارت پرامن مظاہرین کے خلاف وحشیانہ طاقت کا استعمال بند کرے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ توہین آمیز بیان دینے، حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخی کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اقلیتوں کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے بچانے،انہیں امن کے ساتھ اپنے عقائد پر عمل کرنے کی اجازت دینے کے لیے بھی فوری اقدامات کرے۔ عالمی برادری ہندوستان میں اسلامو فوبیا کی سنگین طور پر بگڑتی ہوئی صورتحال کا فوری نوٹس لے۔