میران شاہ: پاک فوج ، دہشتگردوں میں فائرنگ کا تبادلہ،3 دہشتگر د ہلاک، 3 اہلکارشہید
01:58 PM, 11 Jun, 2023
راولپنڈی : شمالی وزیر ستان کے ضلع میران شاہ کے علاقے میں پاک آرمی اور دہشتگردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا ، جس میں 3 دہشتگرد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ 3ا ہلکار بھی شہید ہوئے ہیں ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 09اور10 جون کی رات، شمالی وزیرستان کے ضلع میران شاہ کے علاقے میں پاک آرمی اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فوجی جوانوں نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا تعین کیا جس کے نتیجے میں تین دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشت گرد زخمی بھی ہوئے ہیں ، ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران صوبیدار اصغر علی (عمر 40 سال سکنہ لکی مروت)، سپاہی نسیم خان (عمر 26 سال، سکنہ لکی مروت ضلع) اور سپاہی محمد زمان (عمر 22 سال، سکنہ ایبٹ آباد) نے بہادری سے لڑ کر شہادت کو گلے لگا لیا۔