کراچی : سمندری طوفان کا خدشہ ، شہر بھر سے بل بورڈ ، سائن بورڈ ہٹانے کا حکم
03:07 PM, 11 Jun, 2023
کراچی : کمشنر کراچی نے شہر بھر سے بل بورڈ، سائن بورڈ سمیت اشتہاری مواد ہٹانے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں سمندری طوفان کے خدشے کے باعث کمشنر کراچی نے شہر بھر سے بل بورڈ، سائن بورڈ سمیت اشتہاری مواد ہٹانے کا حکم دے دیا ہے۔ کمشنر کراچی اقبال میمن کا کہنا ہے کہ انسانی جانوں کو محفوظ بنانے کے لئے کمزور درختوں کی کٹائی چھٹائی کی جائے۔حکمنامے پر عمل درآمد کے لئے کے ایم سی، کنٹونمنٹ بورڈز اور تمام میونسپل کمشنرز کو خط لکھا گیا ہے، فیصلے پر عمل درآمد کے لئے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنر کو بھی پابند کیا گیا ہے۔ دوسری جانب سمندری طوفان کے خطرات کے پیش نظر کمشنر کراچی کی جانب سے سمندر میں نہانے پر دفعہ 144 کا نفاذ ہے۔ خطرے کے باوجود بپھرے سمندر میں خواتین اور بچوں سمیت سینکڑوں شہری نہانے میں مصروف ہیں پولیس کی جانب سے ساحل جانے سے روکنے کے لیے کوئی انتظام نہیں ہیں۔ خیال رہے کہ بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان بائپر جوائے نے شدت اختیار کر لی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان بائپر جوائے کراچی سے 770 کلو میٹردور جنوب میں موجود ہے، طوفان شمال مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے، ٹھٹھہ کے جنوب سے 750 کلومیٹر دور ہے۔۔ طوفان اورماڑہ کے جنوب مشرق سے 860 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کا یہ سسٹم شمال کی جانب بڑھتا رہے گا۔ سسٹم کے مرکز اور اطراف میں لہریں 30 سے40 فٹ بلند ہو رہی ہیں۔ ہواؤں کی رفتار 140 سے 160 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔ سندھ میں 13 جون سے تیز ہوائیں چلنے اور موسلادھار بارش کا امکان ہے۔