استحکام پارٹی خیبرپختونخوا سے بڑے نام ساتھ ملانے میں مسلسل ناکام
04:00 PM, 11 Jun, 2023
لاہور : ذرائع کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی خیبرپختونخوا سے بڑے نام ساتھ ملانے میں مسلسل ناکام ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ استحکام پارٹی کے مختلف صوبوں میں بڑے سیاسی ناموں سے رابطےشروع کردیے ہیں ،پارٹی خیبرپختونخوا سے بڑے نام ساتھ ملانے میں مسلسل ناکام ہے۔ ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین نے عون چوہدری کو خیبرپختونخوا سے سابق ارکان سے رابطوں کا ٹاسک دیا تھا۔ عون چوہدری نے کے پی سے بڑے نام پارٹی میں شامل کرنے میں ناکامی کے بعد ہاتھ کھڑے کر دئیے ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسد قیصر، شاہ فرمان، عاطف خان، شوکت یوسفزئی، محمود خان اور مشتاق غنی ملاقات کرنے سے بھی انکاری ہیں ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ خیبرپختونخوا کے تمام بڑے نام سیاسی منظرنامے سے غائب ہیں ، عون چوہدری نے سابق ارکان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پارٹی میں شامل ہوں معاملات ٹھیک کر لیں گے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 2018 کے انتخابات میں پارٹی ٹکٹ میں معاونت کرنے والے سابق ایم پی ایز نے بھی جہانگیر ترین سے ملاقات سے معذرت کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین نے براہ راست خود رابطے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جہانگیر ترین کا آئندہ کچھ روز میں دورہ پشاور متوقع ہے، خیبر پختونخواہ میں پارٹی مستحکم کرنے کے لیے نئی حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔