ویب ڈیسک: ریلوے گارڈ منشیات اسمگلنگ میں بھی ملوث نکلے۔ ریلویز پولیس نے عوام ایکسپریس میں بڑی کارروائی کی ہے۔ جس میں آن ڈیوٹی ٹرین گارڈ کے سامان سے بھاری تعداد میں شراب کی بوتلیں برآمد کرلی گئی ہیں۔
ملزم کی شناخت محمد یوسف کے نام سے ہوئی ہے۔ جس کے سامان کی اسپیشل ڈیوٹی پر مامور اے ایس آئی عرفان مصطفیٰ نے تلاشی لی۔ ملزم کو رواں ٹرین عوام ایکسپریس ریلوے اسٹیشن میاں چنوں اور خانیوال کے درمیان چیک کیا گیا۔
تلاشی لینے پر ملزم کے سامان میں سے 14 عدد شراب کی بوتلیں برآمد ہوئیں۔ ملزم شراب کی بوتلوں کو استعمال کی غرض سے خان پور لے جا رہا تھا۔
ملزم کیخلاف تھانہ ریلویز پولیس خانیوال میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ جس کے بعد مزید تفتیش جاری ہے۔