جماعت اسلامی رہنما سیف الدین ایڈووکیٹ کے ایم سی میں اپوزیشن لیڈر منتخب

04:56 PM, 11 Jun, 2024

ویب ڈیسک: کراچی میں بلدیاتی انتخابات ہوئے ایک سال کی مدت گزرنے کے بعد آخر کار کے ایم سی میں اپوزیشن لیڈر کا انتخاب کرلیا گیا ہے۔ جماعت اسلامی کے سیف الدین ایڈووکیٹ کو اپوزیشن لیڈر منتخب کرلیا گیا ہے۔ 

جماعت اسلامی کے رکن قاضی صدر الدین نے کے ایم سی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ باغ ابن قاسم کا جب 2001 میں سنگ بنیاد رکھا گیا تو ایک سابق گورنر نے اس کو اڈوپٹ کرنے کی بات کی۔ نعمت اللہ خان صاحب نے اس وقت کہا کہ میں ایکسپریشن آف انٹرسٹ دوں گا۔ 

انہوں نے بتایا کہ اس پر اس وقت کے صدر مشرف نے نعمت اللہ خان صاحب سے سفارش کی تھی کہ سابق گورنر کو یہ باغ دے دیا جائے۔ انہوں نے سوال کیا کہ آپ شاہد عبدالله صاحب کو بغیر ایکپریشن آف انٹرسٹ کے کیسے دے رہے ہیں؟

مئیر کراچی مرتضی وہاب کی وضاحت: 

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے وضاحت دی کہ اس باغ اور میوزیم کی ملکیت کے ایم سی کے پاس ہی رہے گی۔ اس باغ کی ملکیت کے ایم سی کے پاس تھی ہے اور رہے گی۔

جماعت اسلامی رکن سیف الدین ایڈووکیٹ کا اظہار خیال:

سیف الدین ایڈووکیٹ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم کو آتے ہی یہ بھاری ایجنڈا پکڑا دیا گیا ہے۔ میئر صاحب آپ کا جارحانہ انداز مناسب نہیں۔ بہت سے نئے ارکان کو بات کرنے کا موقع دیا جائے۔ ٹول ٹیکس پر بات ہونی چاہیے۔ کراچی کی سڑکوں اور پلوں پر ٹول ٹیکس لگانے سے پہلے بات کی جائے۔

میئر کراچی مرتضی وہاب نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈینسو ہال کی لائبریری کسی کو نہیں دی جا رہی۔ یہ ہم سے پہلے دے دی گئی تھی۔ ہم نے اس کو کے ایم سی میں واپس لیا۔ اب اس لائبریری کی تزئین وآرائش ہو رہی ہے۔ 14 اگست کو اس لائبریری میں آپ سب کو بلائیں گے۔

بعد ازاں کراچی کی سڑکوں اور پلوں پر ٹول ٹیکس عائد کرنے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی۔

مرتضیٰ وہاب نے سیف الدین ایڈووکیٹ کو اپوزیشن لیڈر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ ان کے آفس کا بھی کوئی ایشو نہیں۔ اپوزیشن لیڈر کا نوٹیفکیشن بھی آج جاری کر دیا جائے گا۔

اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈووکیٹ کا اظہار خیال:

اپوزیشن لیڈر نے اپنے بیان میں کہا کہ اس ایوان کے اراکین کے حقوق تسلیم کریں۔ اس ایوان کے اراکین کا تقدس ہے اس کو پامال نہ کیا جائے۔

مزیدخبریں