رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت 25مارچ تک ملتوی
06:47 AM, 11 Mar, 2021
لاہور (پبلک نیوز) لاہور کی احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت 25مارچ تک ملتوی کردی ہے ٗ عدالت نے دو گواہان کے بیانات پر جرح مکمل کی اور آئندہ پیشی پر مزید 2گواہان کو پیشی کا حکم دیا ٗ عدالت کی کارروائی کے دوران مسلم لیگ(ن) کے رہنماؤں اور کارکنوں کی شدید ہنگامہ آرائی ٗ پولیس کیساتھ تصادم میں کئی افراد زخمیتفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف کی رمضان شوگر ملز کیس میں احتساب عدالت میں پیشی ہوئی ٗ عدالت کے باہر لیگی رہنماؤں ٗ کارکن اس بات پر مشتعل ہو گئے کہ احتساب عدالت کے جج نے کورونا ایس او پیز کے تحت اضافی لوگوں کو عدالت میں داخل ہونے کی اجازت نہ دی۔ سماعت جج امجد نذیر چودھری نے کی۔شہباز شریف نے کمرہ عدا لت میں پیچھے بیٹھنے کی کوشش کی تو جج امجد نذیر چودھری نے کہا ٗمیاں صاحب! آپ کٹہرے کے قریب بیٹھیں، آپ پیچھے بیٹھتے ہیں تو شور ہوتا ہے۔شہباز شریف کے پاس بیٹھی ہوئی مسلم لیگ (ن) کی رہنما عظمیٰ بخاری کو بھی جج نے عدا لت نے چلے جانے کا کہا ٗ جج نے ریمارکس دئیے کہ آپ بھی یہاں سے چلی جائیں، یہاں پر کرونا کے حوالے سے کافی سنجیدہ صورتحال ہے۔جس پر عظمیٰ بخاری نے کہا کہ میں بھی وکیل ہوں، میرا آئینی حق ہے کہ میں کورٹ میں آ سکوں،یہ اوپن کورٹ ہے بند کمرے میں پروسیڈنگ نہیں چل رہی۔ مگر پھر عظمی بخاری شہبازشریف سے ملنے کے بعد کمرہ عدالت سے چلی گئیں۔احتساب عدالت کی کارروائی کے با ہر لیگی رہنماؤں اور کارکنوں نے پولیس کے ساتھ تناؤ والا ماحول برقرا رکھا ٗپولیس پر مسلسل دباؤ ڈالا گیا کہ عدالت کے اندر جانے دیا جائے۔ کورونا کی وجہ سے پولیس انکار کرتی رہی تو تصادم ہو گیا جس میں ٗ مسلم لیگ ن کا کارکن عتیق زخمی ہوگیا۔