طیارے کا انجن فیل، سابق امریکی صدر ٹرمپ بال بال بچ گئے

06:45 AM, 11 Mar, 2022

احمد علی
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے طیارے کا انجن فضا میں فیل ہو گیا۔ خطرناک صورتحال کے پیش نظر پائلٹ کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ امریکی میڈیا کے مطابق سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے طیارے میں جا رہے تھے کہ اچانک فضا میں اس کا انجن فیل ہو گیا۔ طیارے کے پائلٹ نے ٹرمپ کو تمام صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے ہنگامی لینڈنگ کی جس سے بڑا حادثہ ہونے سے بچ گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنی سیاسی مصروفیات اور ایک تقریب میں شرکت کیلئے نیو آرلینز گئے ہوئے تھے۔ وہاں سے واپسی پر ان کے طیارے نے جیسے ہی بلندی پر پرواز پکڑی اس کا انجن فیل ہو گیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے فوری طور پر پائلٹ کو حکم دیا کہ طیارے کو نزدیکی ائیرپورٹ پر اتارا جائے۔ ADS-B ایکسچینج کے ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق، پرواز نیو اورلینز لیک فرنٹ ایئرپورٹ سے ٹیک آف کرنے کے بعد تقریباً 75 میل چلی تھی، اور واپس مڑنے سے پہلے تقریباً 28,000 فٹ کی اونچائی پر پہنچ گئی۔ اس واقعہ سے واقف لوگوں کے مطابق، Dassault Falcon 900 نامی اس طیارے میں سیکرٹ سروس ایجنٹس، دیگر معاون عملہ، ٹرمپ اور ان کے کچھ مشیروں کا ایک دستہ موجود تھا۔ ٹریکنگ ڈیٹا سے پتا چلا ہے کہ طیارے نے ٹیکساس میں اپنا سفر شروع کیا۔ ہفتے کی دوپہر پام بیچ کے لیے اڑان بھری اور پھر نیو اورلینز گیا۔ شام کی پرواز کے نقشے کے مطابق طیارہ پانی کے اوپر تھا جب اس کا انجن فیل ہوا تاہم وہ مڑ کر واپس نیو اورلینز چلا گیا۔ امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار طیارہ ایک ڈونر کا تھا جس نے شام کے لیے ٹرمپ کو ادھار یا تھا۔ طیارے کا ٹیل نمبر یوٹاہ کی ایک کمپنی سے منسلک تھا جو 1400 سے زیادہ طیاروں کی ٹرسٹی ہے۔ عطیہ کرنے والے کی شناخت کی فوری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
مزیدخبریں