لڑاکا طیارہ جے 10 سی فائٹر پاکستان ایئر فورس میں شامل

07:19 AM, 11 Mar, 2022

احمد علی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چینی ساختہ جدید ترین لڑاکا طیارے جے 10 سی کو پاک فضائیہ کے فضائی بیڑے میں شامل کر لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے کامرہ ایئر بیس پر ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی وزیراعظم عمران خان تھے۔ واضح رہے کہ جے 10 سی فائٹر طیارے سے متعلق پاکستان اور چین کے درمیان طویل عرصے سے بات چیت جاری تھی۔ اس جدید ترین لڑاکا طیارے کو انڈیا کے رافیل طیارے کا توڑ قرار دیا جا رہا ہے۔ 23 مارچ کو پاکستان کا جے 10 فلائی پاسٹ کرے گا۔ اس جہاز کی تیاری پر 1981ء سے کام ہو رہا تھا۔ جے 10 چینگڈو ایئر کرافٹ کارپوریشن (سی اے سی) نے چین کی پیپلز لبریشن آرمی ایئر فورس کے لئے جون 1997ء میں تیار کیا تھا۔ اس جہاز نے 23 مارچ 1998ء کو اپنی پہلی اڑان بھری تھی۔ 2003ء میں یہ طیارہ پیپلز لبریشن آرمی کے ٹریننگ یونٹس کو دیا گیا۔ اسی سال مختلف آزمائشی مراحل سے گزرنے کے بعد 2004ء میں اس کا ڈیزائن فائنل ہوا۔ جے 10 سی باقاعدہ طور پر 2006ء میں آپریشنل ہوا۔ چینی حکومت نے 2007ء میں سرکاری طور پر اس کی رونمائی کی۔ https://twitter.com/PTIofficial/status/1502151402230935557?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1502151402230935557%7Ctwgr%5E%7Ctwcon%5Es1_c10&ref_url=https%3A%2F%2Fwww.urdunews.com%2Fnode%2F651821 2009ء میں ایوی ایشن انڈسٹری کارپوریشن آف چین نے جے 10 سی کو برآمد کرنے کا منصوبہ بنایا۔ پاکستان کو اس طیارے کی 2006ء میں پیشکش کی گئی تھی لیکن اس سے متعلق دونوں ملکوں میں 2012ء تک بات چیت ہوتی رہی۔ اس طیارے کی زیادہ سے زیادہ رفتار 2305 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔ یہ طیارہ ایئرکرافٹ گن، راکٹس، 4 قسم کے میزائلوں اور متعدد قسم کے بموں سے لیس ہوتا ہے جن میں لیزر گائیڈڈ بم، سٹیلائٹ گائیڈڈ بم، گلائیڈ بم اور اَن گائیڈڈ بم شامل ہیں۔ جے 10 سی فائٹر جنگی طیارے کو چینگ ڈو جے 10 یا ویگورس ڈریگن کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ ایک انجن کے حامل اس طیارے کو کسی بھی موسم میں اڑایا جا سکتا ہے۔ اسے کثیر المقاصد خصوصیات کا طیارہ قرار دیا جاتا ہے۔ اسے طیارے کنٹرول کرنے کیلئے اس میں فلائی بائے وائر نظام نصب ہے۔ یہ طیارہ 19 ہزار 277 کلوگرام وزن اٹھا کر ٹیک آف کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس طیارے میں ایک پائلٹ کے بیٹھنے کی جگہ ہوتی ہے۔ اس کی لمبائی 52 فٹ 7 انچ، ونگز کا سائز 30 فٹ 4 انچ، وزن 14 ہزار کلوگرام اور اس میں 4950 لیٹر ایندھن کی گنجائش موجود ہے۔ اس کے علاوہ اس میں 4 ہزار لیٹر کی گنجائش رکھنے والے تین بیرونی ٹینکس بھی ہیں۔
مزیدخبریں