سائفرکیس: قانون کے مطابق بتائیں اپیل قابل سماعت کیسے نہیں؟ چیف جسٹس

04:18 PM, 11 Mar, 2024

ویب ڈیسک: اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی سائفر کیس میں سزا کیخلاف اپیل پرایف آئی اے پراسیکیوٹر  کے اعتراض پر چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ قانون کے مطابق بتائیں کہ اپیل قابل سماعت کیسے نہیں؟

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی سائفر کیس میں سزا کیخلاف اپیل پر سماعت ہوئی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس گل حسن  نے سماعت کی، ایف آئی اے پراسیکیوٹر جسٹس ریٹائرڈ حامد علی شاہ عدالت میں پیش ہوئے۔

ایف آئی اے پراسیکیوٹر حامد علی شاہ نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہاکہ یہ اپیل قابل سماعت نہیں، چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ قانون کے مطابق بتائیں کہ اپیل قابل سماعت کیسے نہیں؟

ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ 1923کے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت یہ اپیل نہیں ہے، آفیشل سیکرٹ ایکٹ میں اپیل کا کوئی حق موجود ہی نہیں ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہاکہ کیا ضابطہ فوجداری کے تحت بھی اپیل نہیں ہو گی؟ ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہاکہ سی آر پی سی اس حوالے سے خاموش ہے، اس کا اطلاق نہیں ہوتا۔ 

چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ تو آپ کہہ رہے ہیں کہ اپیل قابل سماعت ہی نہیں،ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہاکہ ہمارادوسرا اعتراض یہ ہے کہ اپیل 2رکنی بنچ نہیں سن سکتا۔ 

چیف جسٹس ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ یہ آپ متبادل اعتراض کررہے ہیں؟پراسیکیوٹر نے کہاکہ پہلی استدعا ہے کہ اپیل قابل سماعت نہیں، دوسرا اعتراض2رکنی بنچ پر ہے،یہ اپیل ہائیکورٹ کا سنگل بنچ سن سکتا ہے، 2رکنی بنچ نہیں۔

عدالت نے سائفر کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت پرسوں تک کے لیے ملتوی کردی۔

مزیدخبریں