ویب ڈیسک:پاکستان تحریک انصاف کا وفاقی کابینہ کی حلف برداری پر ردعمل،پاکستان تحریک انصاف نے جعلی مینڈیٹ پر مبنی کابینہ کو جعلی قرار دے کر مسترد کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ عوام کے ہاتھوں ذلت آمیز شکست کھانے والے کردار حد درجہ ہٹ دھرمی اور بےشرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جعلی اور غیر آئینی کابینہ کا حلف اٹھانے جا رہے ہیں، جعلی وزیر اعظم کی جعلی کابینہ بظاہر غیر آئینی نگران حکومت کا ایک تسلسل معلوم ہوتی ہے۔
عوام کے غیر منتخب لوگوں کو وزیر اعظم اور صدر کے عہدوں پر 'الیکٹ' کرنے کے بعد مسترد شدہ مجرموں کو وزارتوں کی بندربانٹ نام نہاد جمہوری نظام کے چہرے پر طمانچہ ہے،گذشتہ 2 سالوں کے دوران ملکی معیشت کو تباہی کی دلدل میں دھکیلنے کےذمہ داران کی ایک مرتبہ پھراہم عہدوں پر تعیناتی عوام دشمنی کے سوا کچھ نہیں۔
کرائم منسٹر شہباز شریف کی پی ڈی ایم حکومت کی کم و بیش 100 رکنی کابینہ کی 'کارکردگی' کی قیمت آج تک پاکستانی قوم ادا کر رہی ہے، وفاقی کابینہ میں محسن نقوی جیسے ناموں کی شمولیت نے نگران حکومت اور الیکشن کمیشن کے جانبدارانہ اور غیر آئینی کردار پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے۔
ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ شریف اور زرادری خاندان کے خاص ملازمین کی جی حضوری کے بدلے میں جعلی کابینہ میں شمولیت کے ذریعے خصوصی نوازشات جمہوریت اور عوام کی توہین ہے،جعلی فارم 47 کی بنیاد پر تشکیل دی جانے والی غیر آئینی اور جعلی کابینہ کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔
پاکستانی قوم نے زبردستی مسلط کیےجانے والے مجرموں کے خلاف اپنی آواز بلند کر کے فیصلہ سنا دیا ہے کہ وہ ان کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے،ہارے ہوئے لوگوں کے خوف اور بوکھلاہٹ کا یہ عالم ہے کہ عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کے بعد طاقت کے استعمال سے عوام کی آواز سلب کرنے کی غیر آئینی کوششوں پر عمل پیرا ہیں۔
ترجمان پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ جمہوریت اور عوام کے مینڈیٹ کی مسلسل توہین کے لئے ریاستی مشینری کا خلافِ قانون استعمال ترک کیا جائے اور ملک کو مزید عدم استحکام میں دھکیلنے کی کوششوں سے باز رہا جائے۔