اس سال غزہ میں رمضان انتہائی تکلیف دہ حالات میں آیا ہے، امریکی صدر جوبائیڈن

07:23 PM, 11 Mar, 2024

ویب ڈیسک: امریکی صدر جوبائیڈن نے مسلم اُمہ کے نام رمضان کی مبارک باد کے پیغام میں فلسطینی عوام کی تکالیف کا ذکر کرتے ہوئے غزہ میں سیز فائر کے لیے کام کرتے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق صدر جوبائیڈن نے اپنےپیغام میں رمضان کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ مقدس مہینا اس وقت آیا ہے جب غزہ میں بہت تکلیف دہ صورت حال اور فلسطینی عوام خوفناک مصائب کا شکار ہیں۔

صدر جوبائیدن نے کہا کہ جب لوگ افطار کرنے جمع ہوں گے تو فلسطینی عوام کی تکالیف بہت سے لوگوں کے ذہنوں کے سامنے ہوگی اور یہ سب میرے ذہن میں بھی نقش ہے۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ مقدس مہینا اس وقت آیا ہے جب جنگ سے تقریباً 20 لاکھ فلسطینی بے گھر ہوچکے ہیں اور ان میں سے اکثر کو خوراک، پانی، ادویات اور پناہ گاہ کی فوری ضرورت ہے۔

صدر جوبائیڈن نے اپنے بیان میں اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ امریکا غزہ میں زمینی، فضائی اور سمندری راستے سے مزید انسانی امداد پہنچانے کے لیے بین الاقوامی کوششوں کی قیادت کرتا رہے گا۔

امریکی صدر نے کہا کہ امدادی سرگرمیوں کے بلا روک ٹوک جاری رہنے کے لیے غزہ میں کم سے کم 6 ہفتوں کے لیے فوری اور پائیدار جنگ بندی کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔

مزیدخبریں