اسلام آباد(ویب ڈیسک) ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو چیلنج کرتی ہوں کہ میں لائیو کال کرتی ہوں وہ میری کال کا جواب دیں۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا لائیو کالیں حکومتی ڈرامہ ہے، 15 لوگوں کو وین پر بٹھا کر وزیراعظم ہاوس سے لائیو کالیں کرائی جاتی ہیں، انہوں نے کہا عمران خان سعودیہ عرب دورے میں چاولوں کی بوریاں لے کر آتے ہیں، کیا عمران چاول لینے سعودی عرب گئے تھے، ہزار ارب کے نئے قرضے لیے گئے لیکن ایک اینٹ نہیں لگائی گئی.
انہوں نے مزید کہا پانامہ کیس میں بھی نیب سپریم کورٹ کو مطمئن نہیں کرسکا، اب حکمران کہتے ہیں کہ قوم کے سامنے نئے ثبوت لا رہے ہیں، عمران صاحب سعودی عرب سے واپس آئے مہنگائی پر بریفنگ نہیں لی، کتنے لوگ مر گئے، کوئی بریفنگ نہیں لی، بریفنگ لی تو صرف شہباز شریف پر، شہباز شریف پر ڈھائی سال سے لگائے جانے والے الزامات کا ثبوت نہیں ملا، اس لیے اب حدیبیہ کیس کھولنے کی بات کی جا رہی ہے۔