وزیراعظم لندن پہنچ گئے، نواز شریف سے اہم ملاقات کرینگے

04:17 AM, 11 May, 2022

احمد علی
وزیراعظم شہباز شریف مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کیلئے اپنے وفد کے ہمراہ لندن پہنچ گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لندن میں نواز شریف کے زیر صدارت مسلم لیگ ن کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ہے، اسی لئے وزیراعظم اپنے وفد کے ہمراہ اس میں شرکت کیلئے برطانیہ گئے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کو کچھ معاملات پر شدید تحفظات ہیں۔ پنجاب کابینہ اور آئندہ الیکشن میں پاور شیئرنگ سے متعلق اہم فیصلے اس اجلاس میں ہونا متوقع ہیں۔ ن لیگ قیادت کوئی اہم فیصلہ لے سکتی ہے۔ اس کے علاوہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، آئی ایم ایف کیساتھ معاہدے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کیلئے عالمی ادارے کے دبائو پر بات چیت کرکے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ لندن یاترا کیلئے جانے والے وزرا میں مریم اورنگزیب، ایاز صادق، مفتاح اسماعیل، خواجہ آصف، احسن اقبال اور خواجہ سعد رفیق شامل ہیں۔ جبکہ شاہد خاقان عباسی پہلے سے ہی لندن میں موجود ہیں۔ اس اہم ملاقات کے حوالے سے میڈیا سے بات چیت میں خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ہم خیر سگالی کا دورہ کرنے کیلئے لندن جا رہے ہیں، ایسا کہنا درست نہیں کہ ملک کے فیصلے برطانیہ میں ہونگے۔ دورے کا مقصد صرف ن لیگی قائد سے مشاورت ہے۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے گذشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت ملک میں شدید بحران پیدا کر گئی ہے۔ عمران خان نے پاکستان میں وہ تباہی مچائی جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ اس شخص سے آئندہ انتخابات میں مکمل جان چھوٹ جائے گی۔
مزیدخبریں