پاکستانی روپے کی بے قدری، تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے
07:25 AM, 11 May, 2022
ڈالر اوپن مارکیٹ میں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ اس سے پاکستانی میں روپے کی بے قدری کے تمام گذشتہ ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔ امریکی ڈالر اوپن مارکیٹ میں 2 روپے مہنگا ہو کر 191 روپے 50 پیسے پر جا پہنچا جبکہ انٹر بینک میں ڈالر ایک روپے 34 پیسے مہنگا ہوا جس کے بعد پاکستانی تاریخ میں پہلی بار 190 روپے تک پہنچ گیا۔ انٹر بینک میں گذشتہ روز ڈالر 188 روپے 66 پیسے پر بند ہوا تھا۔ تاہم آج کاروبار کے آغاز سے ہی امریکی ڈالر کی قیمت بڑھنے کا سلسلہ جاری رہا۔ انٹربینک میں ڈالر ایک روپے 50 پیسے اضافے کے بعد 190 روپے 16 پیسے کا ہو گیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 191 روپے 50 پیسے سے بھی تجاوز کر گیا ہے۔ خیال رہے کہ رواں مالی سال میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 19 فیصد سے زائد کمی ہوئی ہے۔ انٹر بینک میں گذشتہ ماہ 7 اپریل کو امریکی ڈالر کی بلند ترین قدر 189 اعشاریہ .30 روپے تھی۔ گذشتہ روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپیہ مہنگا ہو کر 190 روپے کا ہو گیا تھا۔ واضح رہے کہ رواں ماہ 10 مئی کو کاروبار کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالر 188 روپے 66 پیسے رہا، جبکہ منگل کے روز انٹر بینک میں ڈالر ایک اعشاریہ 13 روپے مہنگا ہوا تھا۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ بیب الاقوامی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) پروگرام کی بحالی پر خدشات پیدا ہو چکے ہیں، اس لئے روپے کی قدر پر پریشر دباؤ بڑھا ہے۔ ادھر کرنسی ڈیلرز نے سٹیٹ بینک کو اس تمام معاملے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ روپے کی قدر سنبھالنے کیلئے اقدامات کوئی سیریس نہیں کر رہا۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ رواں مالی سال ڈالر کی قیمت میں 32 روپے 46 پیسے اضافہ ہوا، جس کے بعد بیرونی قرضوں کا بوجھ 4 ہزار ارب روپے ہوگیا ہے۔