پاکستان کی اسرائیلی قابض فوج کے ہاتھوں فلسطینی خاتون صحافی کے قتل کی شدید مذمت

06:24 PM, 11 May, 2022

احمد علی
اسلام آباد: پاکستان نے اسرائیلی قابض فوج کے ہاتھوں فلسطینی خاتون صحافی کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان مغربی کنارے کے شہر جنین میں پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی چھاپے کی کوریج کرنے والی صحافی شیریں ابو عقلیہ کے قتل کی مذمت کرتا ہے، حکومت پاکستان اور عوام صحافی شیریں ابو عقلیہ کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت سے پردہ اٹھانے والی آوازوں کو خاموش کرنے کی اسرائیلی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی، ایسے اقدامات قابض فوج کے ظلم کا پردہ چاک کرت رہیں گے۔ پاکستان نے مطالبہ کیا کہ بین الاقوامی برادری اسرائیلی قبضہ ختم کروانے کے لئے فوری اقدامات کرے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان بنیادی حقوق اور عزت و وقار کے حصول کے لئے فلسطینی عوام،حکومت اور ریاست کے ساتھ ہے، پاکستان فلسطینی عوام اور ان کے مقصد کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
مزیدخبریں