پاکستان کے ڈیفالٹ کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، اسحاق ڈار

11:10 PM, 11 May, 2023

احمد علی
اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کے ڈیفالٹ کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، آئی ایم ایف ہو یا نہ ہو پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈر نے آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول معاہدے میں تاخیر پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کر دی ہیں، آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق معاہدے کیلئے اقدامات کیے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کے ڈیفالٹ سے متعلق افواہیں نہ پھیلائی جائیں۔ بین الاقوامی سطح پر لوگ حیران ہیں، پاکستان مینج کیسے کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک عالمی ریٹنگ ایجنسی نے بھی ممکنہ ڈیفالٹ سے متعلق تبصرہ کیا ہے۔ پاکستان کو جون تک 3.7 ارب ڈالر ادا کرنے ہیں۔ پاکستان تمام وعدے پورے اور بروقت ادائیگیاں کرے گا۔ وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 10 ارب ڈالر ہیں۔ آئی ایم ایف کے ساتھ 9 فروری کو تکنیکی مذاکرات ختم ہوگئے تھے۔ ایکسٹرنل اکاؤنٹ سے متعلق گیپ کا سامنا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف اسٹاف لیول معاہدے کیلئے مزید وقت چاہتا ہے تو مزید وقت لے۔ مئی اور جون میں 3.7 ارب ڈالر کی ادائیگیاں بروقت کی جائیں گی۔ اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ مئی اور جون کے دوران ادائیگیوں کا انتظام کر لیا جائے گا۔ عالمی اداروں کو پاکستان سے متعلق ڈیفالٹ کی باتیں نہیں کرنا چاہیے۔ دوست ممالک کی جانب سے فنانسنگ کے وعدے کیے گئے جو جلد پورے ہوں گے۔
مزیدخبریں