سوزوکی نے سستی ترین گاڑی متعارف کرادی
08:53 AM, 11 Nov, 2021
لاہور: (ویب ڈیسک) گاڑیوں کی مینوفیکچرنگ کرنے والی کمپنی سوزوکی نے انڈین صارفین کیلئے اپنی کار ''سیلیریو'' کا نیا ورژن متعارف کرا دیا ہے۔ اسے سستی ترین گاڑی قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ بات ذہن میں رہے کہ پاکستانی صارفین کیلئے سوزوکی کی یہ گاڑی '' کلٹس'' کے نام سے تیار کی جاتی ہے۔ ابھی اس گاڑی کو صرف انڈین صارفین کیلئے پیش کیا گیا ہے۔ انڈین صارفین کیلئے اس گاڑی کو چار مختلف ورژن زی ایکس آئی پلس، زی ایکس آئی، وی ایکس آئی اور ایل ایکس آئی میں پیش کیا گیا ہے۔ سوزوکی کی اس نئی کار میں ایل ایکس آئی کے علاوہ تمام دیگر ورژنز میں آٹومیٹڈ مینوئل ٹرانسمیشن (اے ایم ٹی) دیا گیا ہے۔ جاپانی کمپنی کا کہنا ہے کہ اس نئی گاڑی کو اپ ڈیٹ کیا گیا ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ پیٹرول کی بچت کیلئے اس سے بہترین گاڑی اس وقت مارکیٹ میں نہیں ہے۔ اس گاڑی میں پیٹرول کی بچت کیلئے نیا انجن رکھا گیا ہے جبکہ کیبن ڈیزائن، فیچرز اور باہری ڈیزائن کو بھی بہتر بنایا گیا ہے۔ گاڑی کا باہر والا ڈیزائن راؤنڈڈ شکل میں ہے۔ اس کے علاوہ نئی ٹیل لائٹس، نمایاں باڈی لائنز اور نئے ایلوئے وہیلز بھی اس گاڑی کا حصہ ہیں۔ اس سوزوکی گاڑی کا کیبن پچھلے ورژن سے بہتر جبکہ ایک سات انچ کا انفوٹینمنٹ سکرین اینڈرائیڈ آٹو اور ایپل کارپلے سپورٹ سے لیس ہوگا۔ نیا ڈرائیور ڈسپلے جزوی ڈیجیٹل ہے اور گیئر شفٹ لیور کو بھی نیا کیا گیا ہے۔ سیلیریو گاڑی میں رکھے گئے نئے انجن بارے دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس کی مدد سے ایک لیٹر میں کم از کم 27 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا جا سکے گا۔ سوزوکی کی اس نئی گاڑی کی قیمت 11 لاکھ پاکستانی روپے سے سٹارٹ ہوگی۔ تاہم اس گاڑی کو پاکستانی صارفین کیلئے پیش کیا جائے گا؟ ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے۔