عمران خان نااہلی کیس: لاہور ہائیکورٹ کی چیف جسٹس سے لارجر بنچ بنانے کی سفارش
01:28 PM, 11 Nov, 2022
توشہ خانہ کیس میں سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی نا اہلی کے خلاف لاہور ہائیکورٹ نے چیف جسٹس سے لارجر بینچ بنانے کی سفارش کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو چیئرمین پی ٹی آئی کے عہدے سے ہٹانے کے لئے دائر درخواست پر سماعت لاہور ہائیکورٹ میں ہوئی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد ساجد محمود سیٹھی نے محمد آفاق کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن، عمران خان اور دیگر کو فریق بناتے ہوئے جواب داخل کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔عدالت نے حکم دیا کہ درخواست میں اہم اور قانونی نکات اٹھائے گئے ہیں ان کی تشریح کے لئے لارجر بنچ بنایا جائے۔ لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے درخواست پر لارجر بینچ بنانے کی سفارش کے ساتھ فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوا دی ہے۔ الیکشن کمیشن کے وکیل عدیل اشرف نے جواب داخل کرنے کیلئے 15روز کی مہلت مانگی ہے، جس پر عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل کو جواب داخل کرنے کی مہلت دے دی۔ عدالت نے اٹارنی جنرل کو معاونت کے لئے طلب کر رکھا ہے جبکہ سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کر دی ہے۔