اسد عمر سیاست سے مکمل دستبردار، بنیادی پی ٹی آئی رکنیت سے بھی مستعفی ہوگئے

05:33 PM, 11 Nov, 2023

احمد علی
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ 1 دہائی سے زیادہ عوامی زندگی کے بعد میں نے سیاست کو مکمل طور پر چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر اپنے پیغام میں سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ میں پہلے بھی عوامی سطح پر کہہ چکا ہوں کہ میں ریاستی اداروں کے ساتھ تصادم کی پالیسی سے متفق نہیں ہوں اور ایسی پالیسی ریاستی اداروں کے ساتھ شدید ٹکراؤ کا باعث بنی ہے جو کہ ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے رہا ہوں، میں ان تمام لوگوں کا شکرگزار ہوں جنہوں نے عوامی زندگی میں میرا ساتھ دیا، خاص طور پر این اے 54 کی ٹیم اور ووٹرز کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے مجھے دو بار منتخب کیا۔ اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ جس حلقے سے منتخب ہوا اس حلقے کی خدمت کرنے کی بھر پور کوشش کی، اللہ پاک پاکستانی قوم پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے۔
مزیدخبریں