ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور خطہ پوٹھوہار میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بلند و بالاپہاڑوں پر ہلکی برفباری کی توقع ہے۔
پنجاب کے زیادہ تر علاقوں میں اسموگ چھائے رہنے جبکہ چند میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں درمیانی سے شدید دُھند پڑنے کا امکان ہے۔
اسلام آباد سری نگر ہائی وے پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری،مری، مظفر آباد اور گردو نواح میں بھی موسلا دھار بارش جاری جاری ہے۔
صوابی میں بارش اور ژالہ باری
صوابی شہر اورگردونواح میں تیز بارش سے ژ آلہ باری شروع ہوگئی ہے،زمیندار کا کہنا ہے کہ محتلف علاقوں میں ژ آلہ باری سے فصلوں کو نقصان ہواہے۔صوابی میں بارش سے موسم ٹھنڈا ہوگیا،ضلع بھر میں کئی فیڈر ٹریپ بجلی منقطع ہوگئی،کیھتوں میں بارش کا پانی جمع سیلاب کا منظر پیش کر رہا ہے۔10منٹ تک ژ آلہ باری جاری تھی کھیتوں اور گھروں کی چھتوں پر اولے جمع ہو گئے۔
ہری پور اور ایبٹ آباد میں بھی شدید بارش
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسی طرح ہری پور اور ایبٹ آباد میں بھی شدید بارش ہونے سے سردی میں اضافہ ہوگیا ہے ، موسلادھار بارش گھنٹوں جاری رہی جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جبکہ نالوں کا بہاؤ میں اضافہ ہوا ہے ۔
دوسری طرف بالاکوٹ و گردونواح میں بارش کا سلسلہ رات گئے سے جاری ہے جبکہ وادی کاغان کے بالائی مقامات جھیل سیف الملوک، بٹہ کنڈی لولو سر اور بابو سر ٹاپ پر مسلسل برفباری ہورہی ہے۔جھیل سیف الملوک و ملحقہ وادیوں پرپانچ انچ جبکہ بابو سر ٹاپ پر ایک فٹ سے زائد برفباری ہوچکی ہے۔بابو سر ٹاپ پر برفباری سے شاہراہِ ناران بابو سر ٹریفک کےلئے بند ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور برفباری کا سلسلہ آئندہ چوبیس گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا تا ہم لاہور، قصور، اوکاڑہ، سیالکوٹ، حافظ آباد، نارووال، گوجرانوالہ، سرگودھا، شیخوپورہ، ساہیوال، فیصل آباد، بہاولپور، بہاولنگر، ملتان، رحیم یار خان، ڈی جی خان اور گرد و نواح میں اسموگ چھائے رہنے کی توقع ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہےکہ شیخوپورہ، ساہیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد، خانیوال، خانپور، جھنگ، بہاولپور، لیہ، ملتان، ڈیرہ غازی خان اور گرد و نواح میں رات کے اوقات میں دُھند جبکہ چند مقامات پر شدید دُھند پڑنے کا بھی امکان ہے۔ اس دوران اٹک، مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم، چکوال، گجرات، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور لاہورمیں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے بیشتر بالائی اضلاع میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، بٹگرام، مالاکنڈ، باجوڑ، مردان، مہمند، خیبر، کرم، پشاور اور کوہاٹ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بلند و بالا پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں سرد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے،کراچی میں کم سے کم درجۂ حرارت 23.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔شہرِ قائد میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں چلنے والی ہوا میں نمی کا تناسب 88 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
باجوڑ میں آسمانی بجلی گرنےسے2افرادجاں بحق
باجوڑ میں گرج چمک کیساتھ تیز بارش جاری ہے جبکہ تحصیل سالارزئی کے علاقہ شنگرگل میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں،جاں بحق افراد کی شناخت اسمعیل ولد صاحب اور حمزہ ولد ہارون کے نام سے ہوئی ہیں۔ دونوں چچا اور بھتیجا ہے۔ دونوں پہاڑی کو گائے جانور پالنے کے لیے چلے گئے تھے۔