امریکا کی 50 ریاستوں میں 13 خواتین گورنر، نیا ریکارڈ قائم

09:59 PM, 11 Nov, 2024

ویب ڈیسک: ری پبلکن امیدوار کیلی ایوٹ کی ریاست نیو ہیمپشر کے گورنر منتخب ہونے کے بعد آئندہ برس امریکہ میں خواتین ریاستی گورنر کی تعداد 13 ہو جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی 2022 میں 12 خواتین گورنر منتخب ہونے کا ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا ہے۔

تفصیلات کےمطابق امریکہ میں ریاستوں کے گورنر براہ راست الیکشن کے ذریعے منتخب کیے جاتے ہیں،امریکی سیاست میں گورنر ایک بااختیار عہدہ ہے اور یہ ریاستی امور چلانے کے لیے اپنے تجربات کی روشنی میں پالیسیاں ترتیب دیتے ہیں۔

امریکہ میں گزشتہ ہفتے پانچ نومبر کو صدارتی الیکشن کے ساتھ ساتھ 11 ریاستوں میں گورنر کے لیے بھی مقابلہ تھا اور انہی انتخابی معرکوں میں سے ایک میں کیلی ایوٹ نیو ہیمپشر کی گورنر بننے میں کام یاب ہوئی ہیں۔کیلی ایوٹ سابق سینیٹر ہیں اور انہوں نے ڈیمو کریٹک مدِ مقابل جوئس کریگ کو شکست دی ہے جو اس سے قبل نیو ہیمپشر کے سب سے بڑے شہر مانچسٹر کی سابق میئر ہیں۔

امریکہ کی 50 میں سے 18 ریاستیں ایسی ہیں جن میں کبھی کوئی خاتون گورنر منتخب نہیں ہوئی ہیں۔

نیو ہیمپشر میں مقابلہ کرنے والی گورنر کی دونوں خواتین امیدواروں کا کہنا ہے کہ انتخابی مہم کے دوران ان کی صنف بحث کا موضوع نہیں بنی البتہ تولیدی حقوق کو بحث میں مرکزیت حاصل رہی۔

کیلی ایوٹ حلف اٹھانے کے بعد چھٹی ری پبلکن گورنر بن جائیں گی جب کہ دیگر آٹھ خواتین گورنر ڈیمو کریٹک پارٹی سے تعلق رکھتی ہیں۔

بعض مبصرین کی جانب سے خواتین گورنرز کی تعداد میں اضافے کو ایک ایسے وقت میں پیش رفت کے طور پر دیکھا جارہا ہے جب نائب صدر کاملا ہیرس کو امریکہ کی پہلی خاتون صدر بننے کی کوشش میں ناکامی ہوئی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ قانون ساز ایوانوں میں کامیابی، اسپیکر منتخب ہونے یا اہم قانون ساز کمیٹیوں کی سربراہی خواتین کی بڑی کامیابیاں ہیں تاہم انتظامی عہدوں سے متعلق خواتین کی اہلیت کے بارے میں تاثر تبدیل کرنے کے لیے ان کا اہم انتظامی عہدوں کے لیے میدان میں اترنا زیادہ مؤثر ہوتا ہے۔

مزیدخبریں