مسلم لیگ ( ن )لاہور کے صدر پرویز ملک انتقال کر گئے
06:44 AM, 11 Oct, 2021
لاہور(پبلک نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن لاہور کے صدر اور رکن قومی اسمبلی پرویز ملک انتقال کرگئے۔ وہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔ مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے پرویز ملک کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن لاہور کے صدر ملک پرویز دل کا دورہ پڑنے پر انتقال کرگئے۔ ملک پرویز طویل عرصے سے علیل تھے۔ بیماری کے باعث ملک پرویز نے ن لیگ لاہور کی صدارت سے معذرت کر لی تھی۔ تاہم قیادت کی ہدایت پر وہ ن لیگ لاہور کے معاملات کو دیکھتے رہے۔ ملک پرویز کا شمار مسلم لیگ ن کے جاں نثار اور وفادار ساتھیوں میں ہوتا تھا۔ وہ متعدد بار ن لیگ کی ٹکٹ پر لاہور کے مختلف حلقوں سے منتخب ہوتے رہے۔ ملک پرویز لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے بھی صدر رہے۔انکی بیگم شائستہ پرویز ملک اور بیٹا علی پرویز ملک مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی ہیں۔ملک پرویز ن لیگ کے مرکزی عہدوں پر بھی رہے۔