آریان کی گرفتاری کے بعد شاہ رخ کی برانڈ ویلیو بری طرح متاثر

11:27 AM, 11 Oct, 2021

حسان عبداللہ

ممبئی(ویب ڈیسک) آریان خان کی گرفتاری کے بعد شاہ رخ خان کی برانڈ ویلیو بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ کئی اشتہاری فرموں نے شاہ رخ کے اشتہارات روک دیئے ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایڈوٹیک پلیٹ فارم BYJU نے شاہ رخ خان کی تمام اشتہاری مہمات کو فی الحال معطل کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ کے سپر سٹار شاہ رخ خان کی برانڈ ویلیو کو ایک بڑا دھچکا لگا ہے. اپنی آخری فلم زیرو کی ناکامی کے بعد شاہ رخ خان تین سال کے وقفے کے بعد فلم کے سیٹوں پر واپس آئے تھے تاہم آریان کے کیس کی وجہ سے انکی دیپیکا پڈوکون کے ساتھ فلم پٹھان اور ساوتھ کے ڈائریکٹر اتلی کے ساتھ ایک اور پروجیکٹ کی شوٹنگ غیر معینہ مدت کے لیے روک دی گئی ہے۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ہیش ٹیگ #Boycott_SRK_Related_Brands بہت زیادہ ٹرینڈ کر رہا ہے۔ اسی وجہ سے، ایڈوٹیک پلیٹ فارم BYJU نے شاہ رخ خان کی تمام اشتہاری مہمات کو فی الحال معطل کردیا ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ شاہ رخ خان سال 2017 سے بی وائی جے یو کے برانڈ ایمبیسڈر ہیں۔ کمپنی نے یہ فیصلہ اس وقت لیا جب شاہ رخ خان کا اشتہار سوشل میڈیا پر ٹرول ہونے لگا تھا۔ چونکہ BYJU کی اشتہاری مہم بچوں کے بہتر مستقبل کے بارے میں بات کرتی ہے، اس لیے بعض سوشل میڈیا صارفین نے شاہ رخ خان پر تنقید کی کہ انکی سکرین کی اور حقیقی زندگی میں بہت فرق ہے۔

اس کے علاوہ دیگر مشہور برانڈز ڈی ڈیکر ، بگ باسکٹ اور ایل جی وغیرہ نے بھی نئے اشتہارات کی شوٹنگ کے پروگرامز کو فی الحال روک دیا ہے۔ یاد رہے کہ شاہ رخ کے بیٹے آریان خان کو منشیات سے متعلق کیس میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا اور نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے یہ اہم گرفتاری عمل میں لائی گئی تھی۔ آریان خان اس وقت آرتھر روڈ جیل میں بند ہے جبکہ ان کی ضمانت کی درخواست پر بدھ کو سماعت ہوگی۔

مزیدخبریں