سائفرسےمتعلق میرابیان سیاق وسباق سےہٹ کرپیش کیاگیا

10:58 AM, 11 Oct, 2022

احمد علی
اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ سیاق و سباق سے ہٹ کر بیانات کو پیش کرنا پہلے سے ہی تقسیم شدہ ماحول میں مزید خلیج کا باعث بنتا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ "سائفر " کے حوالے سے بیان کو مکمل طور سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا ، اپنے انٹرویو میں واضح طور پر کہا تھا کہ انہیں سازش کے بارے میں شبہ “suspicion” ہے تاہم اس کا حتمی فیصلہ مکمل تحقیقات کے بعد ہی کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھنے سے لیکر اب تک ان کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور اس خط میں انہوں نے سپریم کورٹ سے معاملے کی مکمل انکوائری کرنے کی درخواست کی تھی کیونکہ انہیں پختہ یقین ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔ صدر مملکت نے اس معاملے کو سپریم کورٹ میں اس لیے نہیں بھیجا تھا کہ انھیں سازش کے بارے میں کوئی شک و شبہ نہیں تھا، بلکہ اس لیے کہ یہ معاملہ ملک کے سابق وزیر اعظم کی جانب سے اٹھایا گیا تھا ، لہٰذا، تمام دستیاب واقعاتی شواہد سمیت پورے معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ضروری ہیں ۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہم اس حقیقت کو نظر انداز نہیں کر سکتے کہ سائفر کے قومی سطح پر اثرات ہوئے اور ان کے باعث سیاسی ہلچل پیدا ہوئی ۔ اس لیے انہوں نے سپریم کورٹ سے حکومت ِپاکستان کی طرف سے جاری کردہ ڈیمارش سے ہٹ کر بھی غیر جانبدارانہ انکوائری کی درخواست کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ صدر مملکت کے الفاظ کو ایک انتہائی سنجیدہ معاملے پر توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا جس سے سنگین مضمرات ہوئے ۔ خیال رہے کہ صدر مملکت پارلیمنٹ میں اور اس کے علاوہ بھی متعدد مرتبہ 'سیاق و سباق سے ہٹ کر' تصویر کشی کے مضمرات کے بارے میں بات کر چکے ہیں اور سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیے گئے بیانات پہلے سے ہی تقسیم شدہ ماحول میں مزید خلیج پیدا کرنے کا باعث بنتے ہیں۔
مزیدخبریں