بلوچستان: دکی میں کوئلے کی کانوں پر حملے، 20 کان کن جاں بحق

08:58 AM, 11 Oct, 2024

ویب ڈیسک: بلوچستان کے علاقے دکی میں کوئلہ کانوں پر مسلح افراد کے حملے میں 20 کان کن جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے جبکہ حملہ آوروں نے 10 کوئلہ کانوں کے انجن بھی آگ لگا کر نذر آتش کردیے۔

دکی میں جمعرات کی شب شہر سے مغرب کی جانب 7 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع جیند کول کمپنی میں واقع ڈسٹرکٹ چینرمین دکی حاجی خیر اللہ ناصر کے کوئلہ کانوں پر مسلح افراد نے حملہ کیا، رات گئے حملہ 11.45 پر کیا گیا۔

ایس ایچ او دکی ہمایوں خان ناصر کے مطابق حملے میں کوئلہ کانوں میں کام کرنے والے 20 مزدور جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔

ڈسٹرکٹ چیرمین حاجی خیر اللہ ناصر کے مطابق جیند کول کمپنی میں واقع میرے ذاتی کوئلہ کانوں پر مسلح افراد نے حملہ کیا، مسلح افراد نے 10 کوئلہ کانوں کے انجن بھی پیٹرول چھڑک کر نذر آتش کیے جبکہ حملے میں بھاری اسلحہ راکٹ لانچر اور لینڈ گرینڈ بھی استعمال کیے گئے۔

جاں بحق مزدوروں کو مختلف کوئلہ کانوں سے ٹولیوں کی شکل میں یکجا کرکے فائرنگ کی گئی، مرنے والے مزدوروں میں سے 2 کا تعلق افغانستان، 3 کا پشین، ایک کا کچلاک، 4 کا قلعہ سیف اللہ، 4 کا ژوب اور ایک کا لورالائی سے ہے۔

جاں بحق مزدوروں میں عبدالولی، ملنگ، نصیب اللہ، سمیع اللہ، بسم اللہ، غلام علی، عبداللہ، جلات خان، حیات اللہ، عبدالمالک، مولا داد، سید اللہ نصیب اللہ، جلال اور صمد شامل ہے جبکہ 3 جاں بحق افراد کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔

ڈسٹرکٹ چیئرمین حاجی خیر اللہ ناصر کے مطابق جب حملہ ہوا ہم نے اسی وقت ایف سی پولیس اور لیویز کو اطلاع دی مگر 3 گھنٹے تک کوئی موقع پر نہ پہنچا، ہم نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشیں اور زخمی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال دکی منتقل کردیے۔

واقعے میں زخمی ہونے والے 8 مزدوروں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد لورالائی منتقل کردیا گیا جبکہ لاشیں تاحال سول اسپتال دکی میں موجود ہیں۔

ذرائع کے مطابق حملے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد پشتون تھے، حملہ آور بھی پشتو میں بول رہے تھے جبکہ ان کے ساتھ ڈرون کیمرا بھی موجود تھا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا نوٹس: 

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے دکی میں مزدوروں کے قتل کے واقعے پر فوری کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔

انہوں نے واقعے پر اظہار برہمی کیا اور ہشتگردوں کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا ہے۔

سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشتگردوں نے ایک بار پھر غریب مزدوروں کو نشانہ بنا کر ظلم کی انتہا کردی، مزدوروں کو سافٹ ٹارگٹ سمجھ کر نشانہ بنایا جاتا ہے، دہشتگرد بزدل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا ایجنڈا پاکستان کو غیر مستحکم کرنا ہے، دہشت گردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ایک ایک بے گناہ کے قتل کا حساب لیں گے، یہ لہو رائیگاں نہیں جائے گا۔

مزیدخبریں