دکی میں کان کنوں پر مسلح افراد کا حملہ: وزیر داخلہ سمیت دیگر رہنماؤں کی مذمت

09:35 AM, 11 Oct, 2024

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان کے علاقے دکی میں کان کنوں پر مسلح افراد کے حملے کی مذمت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے دکی میں کول مائنز میں کان کنوں پر مسلح افراد کے حملے کی شدیت مذمت کی ہے۔

وزیر داخلہ نے 20 مزدوروں کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ مزدوروں کوقتل کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

اسییکر قومی اسمبلی سردار یاز صادق 

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور کہا کہ حملے میں ملوث دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی دکی میں کان کنوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے زخمی کان کنوں کی جلد صحت یابی کی دعائیں بھی کیں۔

وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی 

وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نےدکی میں بے گناہ مزدوروں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ پر شدید اظہار برہمی کی اور  دہشت گردوں کے خلاف فوری و موثر کارروائی کا حکم دیدیا۔

وزیر اعلٰی بلوچستان نے ہدایت  کی کہ مذکورہ علاقے کو سیل کرکے دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے،دہشت گردوں نے ایک بار پھر غریب مزدوروں کو نشانہ بنا کر ظلم و بربریت کی انتہا کردی،دہشت گردوں کا ایجنڈا پاکستان کو غیر مستحکم کرنا ہے،عام غریب مزدوروں کو سافٹ ٹارگٹ سمجھ کر نشانہ بنایا جاتا ہے دہشت گرد بزدل ہیں۔

وزیر اعلٰی بلوچستان  نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا،ایک ایک بے گناہ کے قتل کا حساب لیں گے،بے گناہوں کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فتح حق کی ہوگی دہشت گردوں کو منہ کی کھانی پڑےگی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے بھی بلوچستان کے علاقے دکی میں مسلح افراد کے ہاتھوں کان کنوں کے قتل کی مذمت کی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ غریب محنت کشوں کو قتل کرنا بزدلانہ فعل ہے، مجرموں کو قانون کی گرفت میں لائیں گے، میری ہمدردیاں شہید مزدوروں کے مظلوم خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کا مقابلہ کریں گے، دشمنوں کے مذموم عزائم خاک میں ملا کر دم لیں گے۔

یاد رہے کہ بلوچستان کے علاقے دکی میں کوئلے کی کانوں پر مسلح افراد کے حملے کے نتیجے میں 20 مزدور جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے تھے جبکہ حملہ آوروں نے 10 کوئلہ کانوں کے انجن بھی آگ لگا کر نذر آتش کر دیے تھے۔

ڈسٹرکٹ چیرمین حاجی خیر اللہ ناصر کے مطابق جیند کول کمپنی میں واقع میرے ذاتی کوئلہ کانوں پر مسلح افراد نے حملہ کیا، مسلح افراد نے حملے میں بھاری اسلحہ، راکٹ لانچر اور ہینڈ گرینڈ بھی استعمال کیے۔

سینیٹر سلیم مانڈوی والا 

بلوچستان میں کوئلہ کی کان میں دہشت گردی کے اندوہناک واقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی  کی لپیٹ میں بیس مزدوروں کی شہادت  قابل افسوس ہے،  دہشت گردوں نے غریب مزدوروں کو قتل کرکے ثابت کیا کہ دہشت گرد بزدل اور ملک دشمن قوتوں کے آلہ کار ہیں،اس طرح کے بزدلانہ حملے بلوچستان اور پاکستان کی ترقی کو روکنے ملک میں انتشار ، نفرتیں اور تقسیم پھیلانے کی مذموم کوششوں کا حصہ ہے۔

سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ بلوچستان حکومت فوری طور پر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کرتے ہوۓ دہشت گردوں کو شکست دے، غریب مزدورں کے جسد خاکی کو فوری طور پر ورثاء تک پہنچانے کے انتظامات کئے جائیں۔ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں ۔اللہ تمام لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں.

نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان

نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے بلوچستان میں کان کوئلہ کانوں پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم دکی بلوچستان میں کوئلہ کانوں پر ہونے والے وحشیانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں،حملے میں 20 معصوم کان کن جاں بحق اور کئی زخمی ہوئے ہیں،اس المناک واقعے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے کان کنوں کے لواحقین کے ساتھ ہماری دلی ہمدردی ہے۔

شیری رحمان  نے کہا کہ نہتے مزدوروں کو نشانہ بنانا غیر انسانی ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، حکومت اس بہیمانہ کارروائی کے ذمہ داران کو فوری طور پر گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لائے،حملہ آور دہشت اور خوف پھیلانا چاہتے ہیں،شر پسندوں کو جان لینا چاہیے کہ ہم دہشت گردی کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

مزیدخبریں