حکومت پنجاب نے راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ کر دی

10:12 AM, 11 Oct, 2024

ویب ڈیسک: حکومت پنجاب نے راولپنڈی میں 8 روز کیلئے دفعہ 144 نافذ کر دی۔

تفصیلات کے مطابق دفعہ 144 کے نفاذ کا مقصد شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس کو محفوظ بنانا ہے، راولپنڈی میں ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے، احتجاج اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد ہو گی۔

راولپنڈی کی حدود میں ڈبل سواری اور ہوائی فائرنگ پر بھی پابندی عائد ہو گی، دفعہ 144 کے تحت کبوتر بازی، ڈرون اڑانے اور لیزر لائٹس کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے، دفعہ 144 کا نفاذ 10 سے 17 اکتوبر تک کیا گیا ہے۔

 ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق دفعہ 144 کے نفاذ کا فیصلہ ضلعی انتظامیہ کی درخواست پر کیا گیا، فیصلہ امن و امان کے قیام اور انسانی جانوں و املاک کے تحفظ کیلئے کیا گیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے۔

شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس 15، 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہو گا۔

مزیدخبریں