ویب ڈیسک: انگلینڈ کے ہیری بروک نے وریندر سہواگ سے ’سلطان آف ملتان‘ کا خطاب چھین لیا ہے۔انگلش بلے باز نے ملتان میں پاکستان کے خلاف ٹرپل سنچری بنائی۔ ہیری بروک نے پاکستان کے خلاف تیز ترین ٹرپل سنچری کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا ہے۔ ان کی اننگز نے انگلینڈ کو ملتان ٹیسٹ میں ناقابل تسخیر پوزیشن میں پہنچا دیا ہے۔ ہیری بروک 322 گیندوں پر 317 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے ہیری بروک نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں اپنے کیرئیر کی بہترین پرفارمنس دی۔ انہوں نے میچ کے چوتھے دن یعنی جمعرات کو اپنے کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری مکمل کی۔ ہیری بروک نے کچھ ہی دیر میں اس ڈبل سنچری کو ٹرپل سنچری میں تبدیل کر دیا۔ بروک کی اس اننگز کی بدولت انگلینڈ نے 823 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ انگلینڈ نے 7 وکٹوں پر 823 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی۔ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 556 رنز بنائے ہیں۔
ہیری بروک پاکستان میں ٹرپل سنچری بنانے والے تیسرے بلے باز ہیں۔ ان سے پہلے صرف آسٹریلیا کے مارک ٹیلر اور وریندر سہواگ ہی ایسا کر سکے تھے۔ بروک ملتان میں سب سے بڑی اننگز کھیلنے والے بلے باز بھی بن گئے ہیں۔ اس سے پہلے ملتان میں سب سے بڑی اننگز کا ریکارڈ وریندر سہواگ کے نام تھا۔ انہوں نے 2004 میں یہاں 309 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ مارک ٹیلر نے پشاور میں 334 رنز کی ناٹ آوٹ اننگز کھیلی تھی۔
ہیری بروک نے ملتان ٹیسٹ میں صرف 310 گیندوں پر 300 رنز بنائے جو ٹیسٹ کی تاریخ کی تیسری تیز ترین ٹرپل سنچری ہے۔ تیز ترین ٹرپل سنچری کا ریکارڈ وریندر سہواگ کے نام ہے۔ انہوں نے چنئی میں جنوبی افریقہ کے خلاف 278 گیندوں میں ٹرپل سنچری مکمل کی۔