قائداعظم محمدعلی جناح کی برسی پر شہبازشریف کا خراج عقیدت
10:00 AM, 11 Sep, 2021
لاہور ( پبلک نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی 73 ویں برسی پر خراج عقیدت۔ شہبازشریف نے کہا ہے کہ ایمان، اصول، قانون، جمہوریت، نظم وضبط اور اپنے عہد پراٹل رہنما قائداعظم محمد علی جناب کی شخصیت کے بنیادی جوہر تھے۔ پوری قوم اپنے عظیم محسن کے درجات کی بلندی کے لئے اللہ پاک کے حضور دعاگو ہے۔ افسوس قائداعظم کو قیام پاکستان کے بعد زندگی نے مہلت نہ دی ورنہ پاکستان کوآج بہت سارے مسائل کا سامنا نہ ہوتا۔ ہمیں بحیثیت قوم قائداعظم کے افکار سے رہنمائی لیتے ہوئے پاکستان کو جدید اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لئے دن رات محنت کو شعار بنانا ہوگا۔ قائداعظم کے آئین، جمہوریت، یقین، اتحاد اور تنظیم کے سنہری راستے پر چلتے ہوئے ہم کامیابی منزل حاصل کرسکتے ہیں۔ آئیے آج کے دن عہد کریں کہ ہم پاکستان کو قائداعظم اور علامہ اقبال کے نظریات کی عملی تعبیر سے ہمکنار کرکے دم لیں گے۔ محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) قائداعظم اور علامہ اقبال کی بصیرت کی روشنی میں پاکستان کو تعمیر، ترقی، خوشحالی اور عظمت کی منزل سے ہمکنار کرے گی۔