بابائے قوم کی برسی پر وزیر اعظم کا قوم کے نام پیغام
09:24 AM, 11 Sep, 2022
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے بابائے قوم قائد اعظم کی برسی پر پاکستانی قوم کے نام پیغام میں کہا کہ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے قائداعظم کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ٹوئٹر پر لکھا کہ آج بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کا 74 واں یوم وفات ہے، پوری قوم آج کے دن قائد اعظم کی مسلمانان برصغیر کے حقوق کی جنگ میں انتھک جدوجہد، دوراندیشی اور قائدانہ صلاحیتوں پرانہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ قائد اعظم کی قیادت کے بغیر مسلمانوں کیلئے آزاد ریاست کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہ ہوتا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 'آج قوم کو پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے بابائے قوم کے ایمان، اتحاد اور تنظیم کے لازوال سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ معاشی مشکلات میں گھرے وطن عزیز کو سیلاب کی قدرتی آفت کا بھی سامنا ہے'۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ 'مجھے پورا بھروسہ ہے کہ ہم اپنے ایمان کی طاقت، اتحاد اور بھائی چارے سے اپنی صفوں میں ایسا نظم و ضبط لے کر آئیں گے کہ صرف سیلاب و معاشی مشکلات نہیں بلکہ تمام چیلنجز پر قابو پا کر قائد کےعظیم پاکستان کی منزل کو جلد حاصل کر لیں گے'۔ ان کا کہنا تھا کہ راستہ دشوار ضرور ہے مگر منزل کا حصول ناممکن ہر گز نہیں ہے۔