معذور افراد،بزرگوں ،طلبا و طالبات اب میٹروبس ، اورنج لائن میٹروٹرین پر فری سفر کرسکیں گے
09:23 PM, 11 Sep, 2023
لاہور:نگران پنجاب حکومت کا معذور افراد،بزرگوں اورطلبا و طالبات کیلئے بڑاریلیف،میٹروبس سروس اوراورنج لائن میٹروٹرین پر فری سفر کرسکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلی محسن نقوی کی زیر صدارت جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ملتان میں پیر کے روز پنجاب کابینہ کا25واں اجلاس منعقد ہوا ۔ وزیر اعلی، وزرا، مشیران، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، سیکرٹریز اور حکام ائیر پورٹ سے کوسٹرز میں سفر کرکے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ پہنچے ۔ پنجاب کابینہ نے ورکرز کو ریلیف کی فراہمی کیلئے ورکرز کی کم از کم تنخواہ 32ہزار روپے کرنے کی منظوری دی۔ وزیر اعلی نے کم از کم تنخواہ پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی،کابینہ کا معذور افراد،بزرگوں اورطلبا و طالبات کیلئے بڑاریلیف،میٹروبس سروس اوراورنج لائن میٹروٹرین پر فری سفر کرسکیں گے،کابینہ نے معذورافراد،بزرگوں اورطلبا و طالبات کیلئے اورنج لائن میٹروٹرین اورمیٹروبس سروس پرفری سفر کی سہولت کی منظوری دی۔ کابینہ نے سرکاری میڈیکل و ڈینٹل کالجزمیں سیشن برائے 2023-24کیلئے داخلہ پالیسی کے لئے کمیٹی کی سفارشات کی بھی منظوری دی نیز اجلاس کے دوران کابینہ نے سموگ سے نمٹنے کیلئے کابینہ کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے سموگ سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات کا حکم دیا،کابینہ نے صحافیوں اوران کے خاندانوں کی فلاح وبہبود کیلئے ایک ارب روپے سے انڈومنٹ فنڈ کے اجرا کی منظوری دی۔ علاوہ ازیں کابینہ اجلاس میں وزیر اعلی محسن نقوی نے سیکرٹریز کو بدھ کو فیلڈ وزٹ کی ہدایت کی،کابینہ کو جنوبی پنجاب کے میگا ترقیاتی منصوبوں اورلاہور، ساہیوال، بہاولنگر موٹر وے پراجیکٹ اورملتان رنگ روڈ پراجیکٹ کے بارے بریفنگ دی گئی۔ محسن نقوی نے جنوبی پنجاب کے منصوبے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں لاہور،راولپنڈی،بہاولپور اورملتان کے ہائیکورٹ کے احاطے میں قائم ڈسپینسریوں کو فنکشنل اورآپریشنل کرنے کی ذمہ داری ہیلتھ فسیلٹیزمینجمنٹ کمپنی کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں سکول اپنا پروگرام (School Adoption Programme) کے تحت پنجاب ایجوکیشن لینڈ سکیپ کا دائرہ کار مزید بڑھانے کا بھی فیصلہ ہوا۔ کابینہ نے ملتان میں وائلنس اگینسٹ ویمن سینٹرکے ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع اورایل ڈی اے کمیشن کیلئے چیئرمین اورممبر کی تقرری کی منظوری دی۔اجلاس میں حاجی عبدالقیوم ٹیچنگ ہسپتال ساہیوال کا انتظام محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن سے محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کو منتقل کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ کابینہ نے آئل پائپ لائنز سسٹم کے قومی نیٹ ورک کی حفاظت اورسکیورٹی کے لئے صوبائی پالیسی،قائداعظم پولیس میڈل اورپریزیڈنٹ پولیس میڈل کیلئے شخصیات کے ناموں اورپنجاب مینٹل ہیلتھ(ترمیمی)ایکٹ2014کے تحت پنجاب مینٹل ہیلتھ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دی۔ اجلاس میں جنوبی پنجاب کے ترقیاتی پروگرام اورسڑکوں کی تعمیرومرمت کی سکیموں کے بار ے میں بریفنگ دی گئی-صوبائی وزرا،مشیران،چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔