’’طلاق’’ شہزادی نے رونے کی بجائے پرفیوم متعارف کرادیا

01:18 PM, 11 Sep, 2024

 ویب ڈیسک : متحدہ عرب امارات کی شہزادی مہرہ نے اپنا ایک پرفیوم متعارف کروایا ہے جسے ’ ڈائیورس‘ کا نام دیا گیا ہے۔  اُن کے بزنس برانڈ ’مہرہ ایم ون‘ کے تحت متعارف کروائے گئے اِس پرفیوم میں اُن کی حالیہ طلاق کا حوالہ شامل ہے۔
  پرفیوم لانچ ہوتے ہی سوشل میڈیا پر ٹرینڈنگ کرنے لگی ۔ اور سوشل میڈیا صارفین کے تبصروں نے تو ریکارڈ ہی توڑ ڈالے۔

 کیا آپ نے کبھی سوچا تھا کہ ایک دن ’ ڈائیورس‘ (یعنی طلاق) کی بھی اپنی خوشبو ہو گی؟ یا یہ کہ ’ ڈائیورس‘ کی خوشبو کیسی ہو گی؟
سوشل میڈیا پر یہ سوالات اٹھاتے ہوئے ایک خاتون صارف نے مزید لکھا کہ ’کیا یہ دھوکے جیسی خوشبو ہے؟‘
خاتون صارف کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جواب میں ایک اور خاتون نے لکھا کہ ’نہیں نہیں ایٹ سمیلز لائیک فریڈیم (یعنی اِس کی خوشبو آزادی جیسی ہے)۔‘

شہزادی مہرہ اُس وقت سوشل میڈیا صارفین کی نظروں میں آئی تھیں جب جولائی 2024 میں اُن کے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ سے مختصر الفاظ میں اپنے تعلق کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے لکھا گیا تھا کہ ’میں طلاق دینے کا اعلان کر رہی ہوں۔‘

ایک صارف نے لکھا کہ ’ریویج (یعنی بدلہ) بھی بڑا اچھا نام ہو سکتا تھا، لیکن مجھے ’ ڈائیورس‘ زیادہ پسند آیا۔‘
ایک اور خاتون نے مہرہ کی پوسٹ کے نیچے لکھا کہ ’یہ 2024 ہے اور اس زمانے کی عورتیں روتی نہیں بلکہ نئے کاروبار لانچ کرتی ہیں اور منافع کماتی ہیں۔‘
لندن سے قیا نامی خاتون نے لکھا ہے ’میں جانتی ہوں کہ اس پرفیوم کی لانچ کے پیچھے تکلیف اور کسی سے بچھڑنے کا درد ہے، لیکن کاروباری نقطہ نظر سے آپ نے بہت ذہین کام کیا ہے۔‘

دبئی سے شمیمیتہ النقبی نامی خاتون نے لکھا ’بہترین وقت پر بہترین خوشبو۔۔۔ شہزادی آپ نے مجھے اپنی ہمت اور حوصلے سے بہت متاثر کیا ہے۔‘
تاہم کچھ خواتین شہزادی مہرہ سے اتفاق نہیں کرتیں اور ایسی ہی ایک صارف نے لکھا کہ ’میں پیرس سے ہوں جو خوشبوؤں اور نفاست کا شہر ہے اور طلاق پرفیوم کا نفاست سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں ہے۔‘
وہ مزید لکھتی ہیں کہ ’ طلاق ایک مسئلہ ہے تو آپ کیوں چاہیں گے کہ کسی کی طلاق ہو جائے اور آپ کیوں ایک ایسی چیز کی تشہیر کر رہی ہیں جس نے آپ کا دل توڑا ہے، آپ کو اور آپ کے خاندان کو تکلیف پہنچائی ہے؟‘
شیخہ مہرہ بنت محمد بن راشد المکتوم کی عمر 30 سال ہے اور وہ فروری 1994 میں پیدا ہوئی تھیں۔ ان کی پرورش متحدہ عرب امارات میں ہی ہوئی اور ان کی والدہ یونانی شہریت بھی رکھتی ہیں جبکہ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق شہزادی مہرہ عربی اور یونانی دونوں زبانیں بول سکتی ہیں۔
شیخہ مہرہ نے برطانیہ کی یونیورسٹی سے انٹرنیشل ریلیشنز میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔
شیخہ مہرہ خواتین کی خودمختاری کے لیے بھی آواز اٹھاتی رہتی ہیں اور اپنے انسٹاگرام پر وہ اکثر اماراتی برینڈز کی تشہیر کرتی ہیں اور اہم تقاریب میں بھی مقامی ڈیزائنرز کے ہی تیار کردہ ملبوسات پہنتی ہیں۔
  شیخ مکتوم متحدہ عرب امارات کے وزیرِ اعظم ہیں اور دنیا میں گھڑ سواری اور گھوڑوں کی دوڑوں میں ایک بڑا نام رکھتے ہیں۔ شیخ مکتوم کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کی مختلف بیویوں میں سے 23 بچے ہیں جن میں شہزادی مہرہ بھی شامل ہیں۔

مزیدخبریں