ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف نے پارلیمنٹ سے پارٹی کے اراکین کی گرفتاری کے واقعے کی مکمل تحقیقات تک قومی اسمبلی کے اجلاس سے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہےجبکہ بیرسٹرگوہرعلی خان نے کہا کہ اسپیکر نے آرڈر کر دئیے، کل ہمارے سب ایم این ایز اسمبلی میں آئیں گے،ان کے پروجیکشن آرڈرز ایشو ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر کے چیمبر سے آ رہا ہوں ان سے ملاقات ہوئی ہے،اسپیکر نے آرڈر کر دئیے، کل ہمارے سب ایم این ایز اسمبلی میں آئیں گے،ان کے پروجیکشن آرڈرز ایشو ہو گئے ہیں۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ ہر پارٹی کا اپنا ایک موقف ہے،ہم نے پہلے بھی بلاول کو کہا ہے کہ آپ ایک بڑی سیاسی جماعت کا سپیس نہیں دے رہے،ہمارے ایم این ایز کو یہاں سے گرفتار کیا گیا،ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں وہاں ہم پر مقدمے کئے گئے،ہمارے نام ابھی تک ای سی ایل سے نہیں نکالے گئے،فی الحال پارلیمان میں ہم نو۔دس لوگ ہی آئیں گے،ہم پارلیمنٹ سے استعفی نہیں دے رہے،ان کیلئے پارلیمنٹ کو خالی نہیں چھوڑیں گے۔
قبل ازیں قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر علی خان نے کہا تھا کہ ’جب تک ہمارے اراکینِ اسمبلی رہا نہیں ہوتے پارٹی کے صرف 9،10اراکین ہی ایوان میں آئیں گے۔ جو 10 ستمبر کو ہوا اُمید ہے یہ دہرایا نہیں جائے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس ایوان کا تقدس پامال ہوا ہے، ایوان پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے۔ ایوان کے لیے یہ بلیک ڈے ہے۔ہمارے 10 ایم این ایز کو جس انداز سے اُٹھایا گیا یہ تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔‘
انہوں نے سوال اُٹھائے کہ ’جن دروازوں سے نقاب پوش آئے اس کی چابیاں کس کے پاس تھیں؟ ایوان کی لاٹیں کس نے بند کیں؟‘
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ’ہم چاہتے ہیں ایوان مضبوط ہو اور سیاسی قوتیں مضبوط ہوں، پھر غیر سیاسی قوتوں کو موقع نہیں ملے گا۔‘
انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ نے انکوائری کرنی ہے تو آڈیو ویڈیو سب ہمارے ساتھ شیئر کریں۔‘