ویب ڈیسک: مہنگائی کے ستائے عوام پر ایک بار پھر بجلی بم گرادیا گیا، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ( نیپرا) نے بجلی کی قیمت میں مزید ایک روپے 74 پیسے فی یونٹ اضافہ کردیا، قیمتوں میں اضافے کے اطلاق کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نیپرا نے سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت کراچی سمیت ملک بھر کے لیے بجلی مہنگی کردی، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
نیپرا کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ملک بھر کے صارفین کے لیے بجلی اپریل تا جون 2024 کی سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مہنگی کی گئی ہے۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ صارفین سے بجلی کی قیمت میں اضافےکی وصولی ستمبر تا نومبر 2024 کے 3 ماہ میں کی جائے گی، جس سے صارفین پر اضافے کا 43 ارب 23 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
واضح رہے کہ دو روز قبل ہی سابق واپڈا کی تقسیم کار کمپنیوں کو 43.23 ارب روپے کی فراہمی کے لیے نیپرا نے ملک بھر میں 3 ماہ کے لیے ستمبر سے نومبر تک کے لیے بجلی کے نرخوں میں تقریبا ایک روپے 74 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی تھی۔